Time 26 جون ، 2021
پاکستان

کراچی میں وکیل پر کتوں کا حملہ، مالک کو گرفتار کرنے کا حکم

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

عدالت نے کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں سینئر وکیل مرزا علی اختر پر حملہ کرنے والے پالتو کتوں کے مالک کی درخواست ضمانت منسوخ کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے سینئر وکیل مرزا علی اختر پر حملہ کرنے والے پالتو کتوں کے مالک ہمایوں خان کی درخواست ضمانت منسوخ کی۔ عدالت نے پولیس کو ملزم ہمایوں خان کو گرفتار کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔

عدالت کا کہنا تھا کہ ملزم کی غفلت کی وجہ سے خطرناک کتوں نے وکیل کو کاٹا، کتوں کے کاٹنے کی وجہ سے وکیل کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ہمایوں خان کے پالتو کتوں نے سینئر وکیل مرزا اختر علی کو کاٹ کر شدید زخمی کر دیا تھا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھی جس میں دو کتوں کو وکیل پر حملہ کرتے دیکھا گیا تھا۔

کراچی بار ایسوسی ایشن نے پالتو کتوں کی جانب سے سینئر وکیل کو کاٹنے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی تھی۔

مزید خبریں :