30 جون ، 2021
سرگودھا میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بینک منیجر عمران حنیف کے قتل میں ملوث سیکیورٹی گارڈ کو دو بار سزائے موت سنادی۔
گزشتہ سال نومبر میں سیکیورٹی گارڈ نے خوشاب میں بینک منیجر عمران حنیف کو توہین مذہب کا الزام لگا کر قتل کردیا تھا۔
بعدازاں علماء کی کمیٹی نے اپنے فیصلے میں بینک منیجر کو معصوم قرار دیا تھا۔
اب سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بینک منیجر کے قتل میں ملوث سیکیورٹی گارڈ کو دو بار سزائے موت کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے مجرم کو 12سال قید اور 11 لاکھ 50ہزار روپے جرمانےکا حکم بھی سنایا۔
خیال رہے کہ پنجاب کے ضلع خوشاب کے علاقے قائد آباد میں پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے 7 رکنی علماء کمیٹی بنائی گئی تھی جس نے مشترکہ اعلامیے میں کہا تھا کہ مقتول عمران حنیف گستاخی کا مرتکب نہیں ہوا، مقتول حضور پاک ﷺ کاسچا عاشق تھا۔
کمیٹی نے مطالبہ کیا تھا کہ ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی اس قسم کا جھوٹا الزام لگا کر نقص امن کی کوشش نہ کرے۔