13 جولائی ، 2021
اداکارہ عائزہ خان نے بالی وڈ ڈانس کوئن مادھوری ڈکشت کو بہترین اداکارہ قرار دیا اور بتایا کہ وہ کس حد تک ان سے متاثر ہیں۔
عائزہ خان نے گزشتہ روز مقبول ترین بھارتی فلم 'دیوداس' کے 19 سال مکمل ہونے پر انسٹاگرام پر خصوصی پوسٹ شیئر کی جس میں یادگار تصویر کے ہمراہ طویل کیپشن سے مادھوری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اداکارہ نے کیپشن کا آغاز مادھوری کے گانے کے بول 'ایک دو تین' اور دیوداس کے ڈائیلاگ 'دیو بابو' سے کیا اور کہا جب بھی میں یہ سنتی ہوں میرے ذہن میں مادھوری کا خیال آجاتا ہے، مادھوری اپنی آنکھوں میں آنسو سجا کر لوگوں کا دِل جیتنا جانتی ہیں۔
انہوں نے مادھوری کو غیر معمولی ڈانسر اور حیرت انگیز اداکارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ میرا خواب تھا کہ ان کے جیسا لباس زیب تن کروں اور ان ہی کی طرح دکھائی دوں، میری خواہش ہے کہ میں ان سے مِلوں اور بتاؤں کہ وہ کتنی خوبصورت ہیں۔
عائزہ خان نے ایک اور پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے پرانے طرز کا لباس پہن رکھا تھا جب کہ اسٹائل بالکل مادھوری جیسا تھا۔
اداکارہ نے پوسٹ میں مادھوری کو مینشن بھی کیا۔