کنگنا کو گرفتاری سے بچنے کیلئے آخری مہلت

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ممبئی کی عدالت نے بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کو  انتباہ کیا ہے کہ نغمہ نگار جاوید اختر کی جانب سے دائر ہتک عزت کیس میں آئندہ سماعت پر  عدالت میں حاضر نہ ہونے پر  وارنٹ گرفتاری جاری کر دیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کی اندھیری میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ نے اداکارہ کنگنا رناوت کو عدالت میں پیش ہونے کی آخری مہلت دی ہے۔

گزشتہ روز ہونے والی سماعت کے دوران اداکارہ کے وکیل نے عدالت میں بتایا کہ ان کی موکلہ اس وقت ملک سے باہر  ہیں جس کی وجہ سے وہ غیر حاضر ہیں۔ 

اداکارہ کنگنا رناوت کے وکیل نے عدالت میں پیشی سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کی۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

دوسری جانب جاوید اختر کے وکیل نے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کی اور کہا کہ کنگنا ایک بھی تاریخ پر عدالت میں پیش نہیں ہوئیں لہذا ان کے خلاف ایکشن لیا جائے۔

کورونا کی موجودہ صورتحال کے سبب مجسٹریٹ آر آر خان نے کنگنا کی ایک دن کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی ہے اور کہا کہ اگر  اداکارہ اگلی سماعت پر پیش نا ہوئیں تو ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے جائیں گے۔

خیال رہے گزشتہ سال جاوید اختر نے اندھیری میں میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں کنگنا رناوت کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔ انہوں نے مؤقف اپنایا تھا کہ آنجہانی اداکار سشانت سنگھ کی موت پر کنگنا نے میرے خلاف میڈیا کو بیانات دیے جس سے میری ساکھ کو نقصان پہنچا۔

مزید خبریں :