31 جولائی ، 2021
ٹوکیو اولمپکس میں یکم اگست کو دو پاکستانی شوٹرز ایکشن میں ہوں گے، غلام مصطفیٰ بشیر اور خلیل اختر 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔
ٹوکیو میں جاری اولمپکس 2020 میں پاکستان کے شوٹر خلیل اختر اور غلام مصطفیٰ کل ایکشن میں ہوں گے، کوالیفائرز کا پہلا مرحلہ کل جبکہ دوسرا مرحلہ پیر کی صبح ہوگا۔
دونوں مراحل میں شوٹرز 30،30 شاٹس فائر کریں گے جس کے بعد ٹاپ چھ شوٹرز فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گے اور ٹاپ تھری شوٹرز میڈل کے حق دار ٹھہریں گے۔
34 سالہ غلام مصطفیٰ بشیر اس وقت 25 میٹر ریپڈ فائر مقابلوں کے نیشنل چیمپئن ہیں، انہوں نے 2019 میں ساؤتھ ایشین گیمز میں انفرادی سلور اور ٹیم گولڈ میڈل حاصل کرنے کے علاوہ ورلڈ شوٹنگ چیمپئن شپ میں ساتویں پوزیشن حاصل کی تھی۔
خلیل اختر نیشنل سلور میڈلسٹ اور ساؤتھ ایشین گیمز کے انفرادی برانز میڈلسٹ ہیں، انہوں نے اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں بھی برانز میڈل جیتا تھا۔ پاکستان شوٹنگ فیڈریشن دونوں شوٹرز سے اچھی کارکردگی کیلئے پر امید ہے۔