Time 03 اگست ، 2021
دنیا

پاکستان سمیت 6 ممالک میں پھنسے اماراتی ویزا ہولڈرز کیلئے استثنیٰ کا اعلان

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے سفری پابندیوں والے چھ ممالک بشمول پاکستان میں پھنسے اماراتی ویزا ہولڈرز کی واپسی کے لیے استثنیٰ کا اعلان کردیا۔

اماراتی حکام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یو اے ای کا ویزا رکھنے والے وہ شہری جنہوں نے کووڈ 19 ویکسین کی دونوں خوراکیں متحدہ عرب امارات میں ہی لگوائی ہوں وہ اس استثنیٰ سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور 5 اگست سے ان کی واپسی کا عمل شروع ہو سکتا ہے۔

شرائط کے مطابق یہ ضروری ہے کہ یو اے ای واپسی کے خواہاں افراد نے سفر سے 14 روز قبل ویکسین کی دوسری خوراک لگوائی ہو اور ان کے پاس اس بات کو ثابت کرنے کا سرٹیفکیٹ بھی موجود ہونا چاہیے۔

یہ رعایت نیشنل ایمرجنسی کرائسس اینڈ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ( این سی ای ایم اے) کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتوں کے سلسلے کی ہی ایک کڑی ہے جس کے تحت پاکستان، بھارت، سری لنکا، نیپال، نائیجیریا اور یوگنڈا میں موجود اماراتی ویزا رکھنے والے شہریوں کو واپسی کی سہولت دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ 5 اگست سے مخصوص شعبوں سے تعلق رکھنے والے وہ افراد جنہوں نے ویکسین لگوائی ہو یا نہ لگوائی ہو انہیں بھی امارات میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔ ان سیکٹرز میں ہیلتھ ورکرز، ڈاکٹرز اور نرسز شامل ہیں جو یو اے ای میں ملازمت کرتے ہیں۔

یونیورسٹی، کالجز اور اسکولز کے ٹیچرز کو بھی واپسی کی اجازت دی گئی ہے جبکہ ٹرانزٹ مسافروں کو بھی یو اے ای میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے بشرطیکہ انہوں نے 72 گھنٹوں کے اندر پی سی آر ٹیسٹ کرایا ہو۔

مزید خبریں :