وزیراعظم آج اعلان کردیں تو ہم کراچی کھلوادیں گے، ایم کیو ایم کا اعلان

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی کو بند کرنے کا فیصلہ دادو والے نہیں کریں گے اور وزیراعظم آج اعلان کردیں تو ہم شہر کھلوادیں گے۔

تاجر برادری کے نمائندوں نے متحدہ مرکز بہادرآباد پر مشترکہ پریس کانفرنس میں لاک ڈاؤن سے متعلق تحفظات اور شکایات کے انبار لگادیے۔

اس موقع پر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کورونا کے بہانے کراچی کے شہریوں کو تنگ کیا جارہا ہے اور صوبے میں مکمل لاک ڈاؤن کے بجائے وقت کا تعین کیا جائے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی کو بند کرنے کا فیصلہ دادو والے نہیں کریں گے، وزیراعظم آج اعلان کردیں شہر ہم کھلوادیں گے۔

ان کا کہناتھاکہ  تاجر برادری ‘ہاں‘ کرے تو ان کے ساتھ مل کر کاروبار کھولنے کو تیار ہیں۔

خالد مقبول کا کہنا تھاکہ وفاق اور سندھ حکومت کراچی میں ہنگامی صورتحال کا نفاذ کریں، کراچی کیلئے پولیو کی طرز پر ہنگامی بنیادوں پر ویکسینیشن کی جائے۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کے تحت عائشہ منزل پر جشن آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس سے خطاب میں عامر خان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کراچی میں لاک ڈاؤن کے نام پر بھتہ خوری کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

ایم کیوایم پاکستان نے وزیراعظم اور چیف جسٹس سے کراچی میں صوبائی حکومت کے نافذ کردہ لاک ڈاؤن کا نوٹس لینے اور تاجروں کو ریلیف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

مزید خبریں :