Time 04 اگست ، 2021
پاکستان

سلامتی کونسل بھارت کو پاکستان کیخلاف دہشتگردی سے روکے، وزیر خارجہ کا خط

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سلامتی کونسل کے صدر اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو خط لکھ کر کہا ہےکہ بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کی سرپرستی اور ان کی مالی معاونت میں ملوث ہے،لاہور بم دھماکا بھی اسی سلسلےکی کڑی ہے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست کے غیرقانونی بھارتی اقدامات کو 2 سال پورے ہونے پر اپنے خط میں وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل کےصدر  اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیرکی بگڑتی صورتحال سےآگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ بھارت نےمقبوضہ کشمیر میں اپنے غیرقانونی قبضےکو مستحکم بنانےکے لیے 5 اگست 2019 کے اقدامات کیے، غیرقانونی بھارتی اقدامات کا مقصد مقبوضہ خطے میں کشمیریوں کو آزادی کےحق سے محروم کرنا ہے،بھارت غیر قانونی اقدامات سےکشمیریوں کو دبانا اور ان کےاستصواب رائےکےحق کو چھیننا چاہتا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے 15ہزار سے زائد کشمیری نوجوانوں کو غیرقانونی طورپر قید کررکھا ہے، سلامتی کونسل وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوائے۔

خط میں وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ  سلامتی کونسل بھارت کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی اورتخریبی سرگرمیوں سے روکے،  بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کی سرپرستی اور ان کی مالی معاونت میں ملوث ہے،لاہور بم دھماکا بھی اسی سلسلےکی کڑی ہے۔

مزید خبریں :