فلم 'کچھ کچھ ہوتا ہے' میں سلمان خان کا انتخاب کیسے ہوا ؟

کرن جوہر جنہوں نے 1998 میں کچھ کچھ ہوتا ہے فلم کے ساتھ ہدایتکاری کا آغاز کیا تھا —فوٹو:فائل
کرن جوہر جنہوں نے 1998 میں 'کچھ کچھ ہوتا ہے' فلم کے ساتھ ہدایتکاری کا آغاز کیا تھا —فوٹو:فائل

 کیا آپ جانتے ہیں بالی وڈ کے مشہور ہدایتکار کرن جوہر   نے فلم 'کچھ کچھ ہوتا ہے' میں سلمان خان کو کیسے کاسٹ کیا ؟

 کرن جوہر جنہوں نے 1998 میں 'کچھ کچھ ہوتا ہے' فلم کے ساتھ ہدایتکاری کا آغاز کیا تھا ، اس حوالے سے خود انکشاف کیا ہے۔

بھارتی میوزک شو ’انڈین آئیڈل 12' میں شرکت کے دوران  کرن جوہر نے بتایا کہ وہ اپنی فلم 'کچھ کچھ ہوتا ہے'  میں معاون کے کردار کیلئے  کئی اداکاروں کے پاس گئے  لیکن  سب نے فلم میں  مرکزی کردار  ادا کرنے والے شاہ رخ خان کے  مقابلے میں معاون کردار  کرنے سے انکار کردیا تھا۔

 کرن  جوہر نےکہا کہ وہ متعدد  اداکاروں کی طرف سے اس کردار کو   نہ کرنے  پر  افسردہ تھے لیکن پھر وہ سلمان خان  سے چنکی پانڈے کے گھر ایک پارٹی میں ملے ۔

کرن جوہر کا کہنا تھا کہ سلمان میری طرف آئے اور انہوں نے اپنے اسٹائل میں  کہا کہ 'تم نے شاپنگ کرلی؟' تو میں نے کہا شاپنگ؟ '، سلمان نے کہا تم گئے نا سب کے پاس ،وہ شاپنگ ہی تو ہوتی ہے  لیکن اس فلم کو کرنے کیلئے کسی کو پاگل ہونا چاہیے اور میں وہ پاگل ہوں'۔

کرن جوہر  جنہوں نے  سلمان خان  جیسے بڑے اسٹار کو معاون کردار کیلئے کاسٹ کرنے کا سوچا بھی نہیں تھا وہ سلمان کے اس جملے سے حیران ہوگئے۔

اگلے دن کرن جوہر  سلمان کو فلم کا  اسکرپٹ سنانے کیلئے گئے  اور سلمان  نے پہلا حصہ سنتے ہی فلم میں ادا کاری کرنے کیلئے ہاں کردی۔

کرن جوہر کا کہنا تھا کہ  میں ڈر گیا ،میں نے سوچا کہ ان کو یہ تو نہیں لگ رہا کہ میں انہیں شاہ رخ خان کا کردار  آفر کررہا ہوں ، تو میں نے سلمان سے کہا کہ سر آپ کا کردار ابھی آیا نہیں  وہ تو دوسرے حصے میں ہے، تو سلمان نے جواب دیا کہ 'مجھے کیا فرق پڑتا ہے ؟ میں آپ کے والد کو جانتا ہوں ،میں ان کیلئے یہ  فلم کررہا ہوں'۔

واضح رہے سلمان خان نے فلم 'کچھ کچھ ہوتا ہے' میں' امن' کا کردار ادا کیا تھا جو فلم میں موجود کاجول کے کردار انجلی کا منگیتر تھا۔

سلمان کو   امن کا کردار ادا کرنے پر فلم فیئر کی جانب سے بہترین معاون  اداکار کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔

 یاد رہے 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم  'کچھ کچھ ہوتا ہے' میں شاہ رخ خان ،کاجول اور رانی مکھرجی نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

مزید خبریں :