10 اگست ، 2021
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اور سندھ پولیس کے درمیان اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت تفتیش کے کیسز پر معاہدے کے تحت سندھ پولیس نے 66کیسز ایف آئی اےکو بھجوادیے ہیں۔
جیونیوز کے رابطہ کرنے پر ایف آئی اے حکام نے کیسز ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تحقیقات کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ کن کیسز پر مقدمات درج کیے جائیں کیونکہ اس سے قبل بھی اس سال کے اوائل میں 128 کیسز بھجوائے گئے تھےاوران کیسز میں سے ایف آئی اے نے صرف 6 مقدمات درج کیےتھے ، ایف آئی اے حکام کے مطابق باقی تمام کیسز سندھ پولیس کو واپس بھجوا دیے گئے تھے۔
ایف آئی اے حکام نے مزید بتایا کہ ایک بار پھر کیس بھجوانے کا فیصلہ وفاقی وزارت داخلہ کے کہنے پر ہواہے۔
اس سلسلے میں ذرائع ایف آئی اے نے جیونیوز کو بتایا کہ جون کے آخر میں تمام آئی جیز کو وفاقی وزارت داخلہ بلوایا گیا تھا، یہ اجلاس ایف اے ٹی ایف کے مطالبات کی روشنی میں بلوایا گیاجس میں اس بات کا انکشاف ہوا کہ ایف اے ٹی ایف نے منی لانڈرنگ کیسز کی پولیس تحقیقات پرمبینہ طور پر تحفظات ظاہر کیے تھے ۔