Time 14 اگست ، 2021
دنیا

طالبان کا مزار شریف پر بھی قبضہ، افغان فوج کا مارشل رشید دوستم فرار

ہزاروں جنگجوؤں کی کمان کرنے والے دو سابق جنگجو کمانڈر عبدالرشید دوستم اور عطا محمد نور صوبے سے فرار ہو گئے، مقامی قانون دان— فوٹو:فائل
ہزاروں جنگجوؤں کی کمان کرنے والے دو سابق جنگجو کمانڈر عبدالرشید دوستم اور عطا محمد نور صوبے سے فرار ہو گئے، مقامی قانون دان— فوٹو:فائل 

طالبان نے شمالی افغانستان کے اہم صوبے بلخ کے دارالحکومت مزار شریف پر بھی قبضہ کرلیا جس کے بعد ایک ہی روز میں انہیں مزید 3 صوبائی دارالحکومتوں پر کنٹرول حاصل ہوگیا۔

مزار شریف افغانستان کا چوتھا بڑا شہر ہے جس کے دفاع کا عزم افغان فورسز اور دو سابق جنگجوؤں نے کر رکھا تھا تاہم اب پہلی مرتبہ طالبان اس شہر پر بھی کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

مزار شریف پر قبضے کے بعد طالبان تقریباً پورے شمالی افغانستان پر قابض ہو چکے ہیں۔

‎صوبہ بلخ سے تعلق رکھنے والے قانون دان عباس ابراہیم زادہ نے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کو بتایا کہ افغان فوج نے پہلے ہتھیار ڈالے جس سے حکومت کے حامی ملیشیا اور دیگر قوتوں کا حوصلہ پست ہوگیااور پھر انہوں نے بھی طالبان کے سامنے ہار مان لی۔

‎ابراہیم زادہ کا کہناتھا کہ ہزاروں جنگجوؤں کی کمان کرنے والے دو سابق جنگجو کمانڈر عبدالرشید دوستم اور عطا محمد نور صوبے سے فرار ہوکر نامعلوم مقام پر منتقل ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ جنگجو عبدالرشید دوستم کو افغان فوج کا مارشل بنایا گیا تھا اور وہ کئی ماہ ترکی میں قیام کے بعد  4 اگست کی رات کابل پہنچے تھے۔

طالبان کا پاکستانی سرحد سے ملحقہ دو صوبائی دارالحکومتوں پر بھی قبضہ

اس سے قبل طالبان نے آج پاکستان کی سرحد سے ملحقہ دو صوبائی دارالحکومتوں پر بھی قبضہ کیا۔ 

رپورٹس کے مطابق طالبان نے پاکستان کی سرحد سے ملحقہ پکتیکا کے دارالحکومت شرنہ پر قبضہ کیا۔

‎اے پی سے بات کرتے ہوئے مقامی قانون دان خالد اسد نے بتایا کہ ہفتے کی صبح سویرے شرنہ میں لڑائی شروع ہوئی لیکن مقامی عمائدین نے مداخلت کرکے وہاں سے انخلا پر بات چیت کی جس کے بعد گورنر اور دیگر حکام نے ہتھیار ڈال دیے اور کابل روانہ ہو گئے۔

پاکستان کی سرحد سے ملحقہ دوسرے صوبے پکتیا کے دارالحکومت گردیز کو بھی طالبان نے کنٹرول میں لے لیا۔

صوبے پکتیا سے تعلق رکھنے والے قانون دان سید حسین گردیزی نے اے پی کو بتایا کہ طالبان نے صوبائی دارالحکومت گردیز پر قبضہ کر لیا ہے لیکن حکومتی فورسز کے ساتھ لڑائی ابھی جاری ہے۔

دوسری جانب طالبان نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے گردیز شہر کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

طالبان کابل کے قریب پہنچ گئے

اُدھر طالبان صوبہ لوگر پر قبضے کے بعد صوبہ کابل کے ضلع چار آسیاب پہنچ گئے، یہ ضلع دارالحکومت کابل سے صرف 11 کلومیٹر (7 میل) جنوب میں ہے۔

مزید 3 دارالحکومتوں پر کنٹرول کے بعد طالبان کے قبضے میں جانے والے صوبائی دارالحکومتوں کی تعداد 21 ہوگئی جبکہ صوبوں کی مجموعی تعداد 34 ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز افغانستان کے صوبے اروزگان کا دارالحکومت ’ترین کوٹ‘، صوبے لوگر کا دارالحکومت ’پل علم‘ اور صوبے زابل کا دارالحکومت ’قلات‘ بھی طالبان کے کنٹرول میں چلے گئے تھے۔

مزید خبریں :