دنیا
Time 19 اگست ، 2021

کابل میں متعدد شہریوں کی گاڑیاں چوری اور چھینے جانے کا انکشاف

15 اگست کے روز شہر کے کچھ مقامات پر مسلح افراد نے انہیں روک کر گاڑیاں سمیت تمام سامان چھین لی: افغان شہری/ فوٹو ٹیلی گراف
 15 اگست کے روز شہر کے کچھ مقامات پر مسلح افراد نے انہیں روک کر گاڑیاں سمیت تمام سامان چھین لی: افغان شہری/ فوٹو ٹیلی گراف

کابل میں طالبان کے کنٹرول کے دوران شہریوں کی متعدد گاڑیاں چوری اور چھینے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق 15 اگست کو طالبان کے دارالحکومت کابل پر کنٹرول کے دوران شہر میں متعدد گاڑیاں چھینی اور چوری کی گئیں۔

افغان میڈیا کے مطابق کابل کے بعض شہریوں نے بتایا کہ 15 اگست کے روز شہر کے کچھ مقامات پر مسلح افراد نے انہیں روک کر گاڑیاں سمیت تمام سامان چھین لیا جس کے بعد شہریوں نے طالبان سے کابل کی سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

کابل کے شہریوں نے بتایا کہ طالبان کے نام پر بعض مسلح افراد نے ان سے خوب لوٹ مار کی جس پر پولیس کو اطلاع دی تو پولیس اہلکاروں نے کہا کہ ان کے پاس گولی چلانے کا اختیار نہیں ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق کابل کے بعض شہریوں کا کہنا تھا کہ شہریوں کو اپنے مستقبل کا کچھ نہیں پتا، وہ اب بھی غیر یقینی صورتحال میں ہیں، طالبان نے امن و امان بحال کرنے اور کسی کو نقصان نہ پہنچانے کا وعدہ کیا ہے مگر صورتحال خراب ہے اور لوگوں کو طالبان پر بھروسہ نہیں ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق مقامی طالبان کمانڈر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ وہ کابل میں شہریوں کی خدمت کے لیے موجود ہیں اور اس طرح کے گینگز کو پکڑا جائے گا۔

طالبان کمانڈر نے کہا کہ شہریوں کو تنگ کرنے اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

مزید خبریں :