Time 24 اگست ، 2021
دنیا

ائیر بی این بی کا 20 ہزار افغان مہاجرین کو مفت رہائش فراہم کرنےکا اعلان

ہمارا مقصد وقت کے سب سے بڑے انسانی بحران میں اپنا کردار ادا کرنا ہے،چیف ایگزیکٹیو، ائیر بی این بی،فوٹو: نیویارک ٹائمز
ہمارا مقصد وقت کے سب سے بڑے انسانی بحران میں اپنا کردار ادا کرنا ہے،چیف ایگزیکٹیو، ائیر بی این بی،فوٹو: نیویارک ٹائمز

دنیا بھر میں سیاحت اور دیگر مقاصد کے لیے عارضی رہائش فراہم کرنے والی آن لائن امریکی کمپنی ائیر بی این بی(Airbnb) نے 20 ہزار افغان مہاجرین کو مفت رہائش فراہم کرنےکا اعلان کیا ہے۔

 کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو برائن چیسکی نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہےکہ ہمارا  مقصد وقت کے سب سے بڑے انسانی بحران میں اپنا کردار ادا کرنا ہے، ہمیں لگتا ہے کہ اس وقت ہمیں ان لوگوں کی مدد کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔

برائن چیسکی کا کہنا تھا کہ وقت ضائع کرنےکی کوئی گنجائش نہیں ہے، امید ہےکہ دیگر کاروباری ادارے بھی اس موقع پر آگے آئیں گے۔

ائیر بی این بی کے چیف ایگزیکٹیو کا کہنا تھا کہ ایسے وقت جب ہزاروں افغان شہری دیگر ممالک میں دوبارہ سے اپنی زندگی شروع کرنے جارہے ہیں تو انہیں سب سے پہلے رہائش کے مسئلے کا ہی سامنا ہوگا، اس لیے مجھے امید ہےکہ 20 ہزار افغان شہریوں کے لیے دنیا بھر میں ائیر بی این بی کمیونٹی نا صرف ان کا پرجوش استقبال کرے گی بلکہ انہیں نئی زندگی کی شروعات میں عارضی طور پر ایک محفوظ رہائش مہیا کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج سے 20 ہزار افراد کو مفت عارضی رہائش فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کررہے ہیں، اس کے لیے میزبانوں کو کمپنی ادائیگی کرے گی تاہم یہ سب ان کی مہربانی اور سخاوت کے بغیر ممکن نہیں ہے۔

خیال رہے کہ کابل پر طالبان کے دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کے بعد سے ہزاروں افغان شہری ملک چھوڑ چکے ہیں جب کہ ہزاروں افراد یورپ یا امریکا میں پناہ حاصل کرنا چاہتے ہیں اور بڑی تعداد میں کابل ائیرپورٹ پر موجود ہیں۔

مزید خبریں :