26 اگست ، 2021
لاہور میں ایک خاتون نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ممبر صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) پر ہراساں کرنے اور ناجائز تعلقات پر مجبور کرنے کا الزام عائدکیا ہے۔
خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات میں وہ لوگ بھی ملوث ہوگئے ہیں جن سے قانون سازی اور قانون پر عمل درآمد کی امید ہے۔
آمنہ یعقوب نامی خاتون نے تحریک انصاف، جہانگیر ترین گروپ کے ایم پی اے خرم سہیل لغاری کے خلاف تھانہ ڈیفنس اے میں مقدمہ درج کرایا ہے،مقدمہ گھر میں گھس کر ہوائی فائرنگ اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کی دفعات کے تحت درج کیا گیاہے۔
ایف آئی آر میں خاتون نے الزام عائد کیا ہےکہ ایم پی اے خرم سہیل لغاری ایک سال سے اسے بلیک میل کرکے ملتا رہا،خودکو کنوارہ ظاہرکرکے ناجائز تعلقات پر مجبور کرتا رہا، خرم لغاری نے زبردستی نکاح نامے پر بھی دستخط کروا رکھے ہیں۔
خاتون کے مطابق اس نے خرم کے باپ چنوں خان لغاری کو شکایت کی تو اس نےگھر میں گھس کر فائرنگ کرکے جان سے مارنے کی کوشش کی ،اس کے سکیورٹی گارڈز پر بھی فائرنگ کی گئی۔
خیال رہےکہ رکن صوبائی اسمبلی خرم سہیل لغاری کا تعلق تحصیل جتوئی ضلع مظفرگڑھ سے ہے اور وہ تحریک انصاف کے جہانگیر ترین گروپ سے تعلق رکھتے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج ہے ،تفتیش انویسٹی گیشن ونگ کرےگا دوسری جانب خرم سہیل لغاری کی جانب سے اس معاملے پر فی الحال کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔