Time 27 اگست ، 2021
دنیا

کابل ائیرپورٹ دھماکے: امریکی صدر کا داعش پر حملوں کا حکم

امریکا کے صدر جو بائیڈن نے کابل ائیرپورٹ دھماکوں کا ذمہ دار  داعش خراسان کو  قرار دیتے ہوئے شدت پسند تنظیم کی قیادت پر حملوں کا حکم دے دیا۔

وائٹ ہاؤس میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے صدر جوبائیڈن نے بتایا کہ کابل ائیرپورٹ پر دھماکوں کے حوالے سے داعش اور طالبان کے درمیان گٹھ جوڑ کے کوئی شواہد نہیں ملے، ان کا کہنا تھا طالبان اچھے لوگ نہیں ہیں لیکن کابل ائیرپورٹ تک راستہ کھلا رکھنا ان کے اپنے مفاد میں ہے۔

صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکی اہلکاروں پر حملے کی منصوبہ بندی داعش اور کابل کی جیلوں سے نکلنے والے افراد کر رہے تھے، حملے کے ذمہ دار جہاں کہیں بھی ہوئے انھیں ڈھونڈ نکالیں گے اور انھیں اس حملے کی قیمت ادا کرنے پر مجبور کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کابل ائیرپورٹ پرحملے کے ذمہ داروں کو اپنی طاقت سے اور اپنی مرضی کے مقام پر بھرپور جواب دیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کابل ائیرپورٹ پر ہونے والے خودکش دھماکوں میں 13 امریکی فوجیوں سمیت 90 افراد ہلاک اور 140 زخمی ہوئے۔

کابل ائیرپورٹ پر ہونے والے خودکش دھماکوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ بمبار نے امریکی فوج کے سکیورٹی حصار کو توڑتے ہوئے 50 میٹر اندر جا کر  خود کو اڑایا۔

مزید خبریں :