08 ستمبر ، 2021
امریکا میں معروف سوشل میڈیا ایپلی کیشن ٹک ٹاک کے صارفین ہر ماہ یوٹیوب صارفین کے مقابلے میں زیادہ مواد دیکھنے میں وقت گزارتے ہیں۔
ٹک ٹاک نے سب سے پہلے یوٹیوب کو پچھلے سال اگست میں پیچھے چھوڑ ا اور جون 2021 تک اس کے صارفین نے یوٹیوب صارفین کے ماہانہ 22 گھنٹے اور 40 منٹ کے مقابلے میں ماہانہ 24 گھنٹے سے زیادہ مواد دیکھا۔
برطانیہ میں یہ فرق اور بھی واضح ہے ٹک ٹاک نے پچھلے سال مئی میں یوٹیوب کو وہاں بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا برطانیہ کے صارفین اب مبینہ طور پر ٹک ٹاک پر ماہانہ تقریباً 26 گھنٹے مواد دیکھتے ہیں ۔
ایپ انیلیٹکس فرم ایپ اننی(app analytics firm App Annie) کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں ٹک ٹاک کے صارفین ہر ماہ یوٹیوب صارفین کے مقابلے میں مواد دیکھنے میں زیادہ وقت صرف کرتے ہیں۔
رپورٹ میں یہ اعداد و شمار صرف اینڈرائیڈ فون استعمال کرنے والے صارفین کے ہیں ، تاہم یہ مجموعی طور پر موبائل صارفین کی تعداد نہیں لیکن یہ اعدادو شمار گزشتہ چند سالوں میں ٹک ٹاک کی مقبولیت کو ضرور ظاہر کرتے ہیں۔
ٹک ٹاک کی مقبولیت کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ ٹک ٹاک اپنے صارفین کو زیادہ سے زیادہ 3 منٹ کی مختصر دورانیے کی ویڈیوز فراہم کر تا ہے جس کی وجہ سے صارفین اس ایپلیکیشن کو زیادہ استعمال کرتے ہیں ۔
واضح رہے کہ یوٹیوب پر مجموعی طور پر صارفین ٹک ٹاک کے مقابلے میں اپنا زیادہ وقت گزارتے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مجموعی صارفین کی بات کریں تو بلا شبہ یوٹیوب کے پوری دنیا میں 2 ارب سے زائد صارفین ہیں جبکہ ٹک ٹاک کے 70 کروڑ صارفین ہیں ۔