09 ستمبر ، 2021
قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ سلیکشن کے حوالے سے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے وضاحت کر دی ہے۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم نے چند روز قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔
اب پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمیز راجہ (مجوزہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ) سے ملاقات ہوئی تھی جس میں وہ ہمیں بتانا چاہ رہے تھے کہ ہم نے کیسی کرکٹ کھیلنی ہے، رمیز راجہ ہمیں ماڈرن ڈے کرکٹ کھلانا چاہتے ہیں اور جارحانہ انداز میں کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا بابر اعظم اور میں بھی اسی کے حق میں ہیں کہ ہمیں ماڈرن ڈے کرکٹ کھیلنی ہے، ابھی رزلٹ نہیں مل رہے لیکن آگے اس کے رزلٹ بھی آئیں گے، ہمیں ماڈرن ڈے کرکٹ کا کلچر اپنانا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم سلیکشن پر بات کرتے ہوئے شاداب خان کا کہنا تھا کہ سلیکشن کے حوالے سے چیف سلیکٹر نے وضاحت کر دی ہے جبکہ بورڈ نے بھی ٹیم کے حوالے سے ہونے والی باتوں کی وضاحت گزشتہ روز کر دی ہے۔
اپنے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاداب خان کا کہنا تھا مجھے انجریز کا سامنا رہا ہے جس کی وجہ سے میں اپنے ردھم کو برقرار نہیں رکھ سکا، اب میں نے بہت محنت کی ہے اور ردھم میں بھی ہوں، ٹیم کے لیے اچھا کروں گا۔
شاداب خان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق اور وقار یونس کا فیصلہ ان کی ذاتی رائے ہے، اس پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا، یہ درست ہے کہ آئیڈیل صورت حال نہیں ہے لیکن ہمارے ہاتھ میں اچھا کھیلنا ہے اور اسی پر فوکس ہے۔
نائب کپتان قومی ٹیم نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز شروع ہو رہی ہے اور اس میں اچھا کرنا ہے، کرکٹ میں کسی چیز کی گارنٹی نہیں دی جا سکتی کہ ہر میچ میں پرفارمنس ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ رمیز راجہ نے ہمیں اعتماد دیا ہے کامیابی بھی ملے گی اور ناکامی بھی ہو گی لیکن ہمیں نڈر کرکٹ کھیلنے کا کلچر اپنانا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں شاداب خان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی مین ٹیم آتی تو زیادہ مقابلے کی کرکٹ ہوتی اور ہمارے فینز بھی انہیں دیکھنا چاہتے ہیں لیکن یہ ٹیم بھی نیوزی لینڈ کی قومی ٹیم ہے، ہمیں اس سیریز سے ورلڈ کپ کی تیاری کرنی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ماڈرن ڈے کرکٹ کی طرف جا رہے ہیں جس کے لیے ہمیں سب کی سپورٹ کی ضرورت ہے، ہم نے تینوں فارمیٹ کے لیے ٹاپ تھری میں جانا ہے جس کے لیے محنت کرنا پڑے گی۔
شاداب خان نے کہا کہ ہمارا اسپن بولنگ اٹیک بہت اچھا ہے، ماضی میں یو اے ای میں ریکارڈ اچھا رہا ہے اور ثقلین مشتاق کے آنے سے اسپنرز کو فائدہ ہو گا کیونکہ وہ اسپن بولنگ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔