09 ستمبر ، 2021
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز میں ڈی آر ایس ٹیکنالوجی استعمال نہیں ہوگی تاہم پی سی بی انگلینڈ کی سیریز میں اس ٹیکنالوجی کی دستیابی کیلئے پر امید ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلامیے کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 17 ستمبر سے 3 اکتوبر تک ہونیوالے تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں ڈی آر ایس کی ٹیکنالوجی نہیں استعمال ہوگی۔
اس سلسلے میں جیو نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ سیریز میں ٹیکنالوجی استعمال نہ کیے جانے کی وجہ ڈی آر ایس آپریٹرز کی عدم دستیابی ہے کیوں کہ ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے آئی سی سی کے منظور شدہ آپریٹرز کی ہی خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں جو اس سیریز کے دوران دستیاب نہیں تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ انگلینڈ کیخلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں منظور شدہ آپریٹرز کی فراہمی اور ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے پر امید ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ون ڈے میچز کی سیریز 17 ستمبر سے راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی جب کہ 5 ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں ہوں گے۔