11 ستمبر ، 2021
لاہور: پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان نے وزارت سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کرلیا۔
جیونیوز کے مطابق سینئر صوبائی وزیر علیم خان دو مرتبہ وزیراعظم عمران خان کو استعفیٰ پیش کرچکے ہیں جب کہ انہوں نے وزیراعظم سے ملاقات میں بھی انہیں استعفیٰ پیش کیا تھا لیکن وزیراعظم عمران خان نے انہیں کام جاری رکھنے کا کہا تھا۔
سینئر وزیر علیم خان ذاتی مصروفیات کے باعث وزارت سے مستعفی ہونا چاہتے ہیں۔
اس حوالے سے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے استعفیٰ دینا چاہتا ہوں، وزیراعظم سے 6 ماہ پہلے ملاقات ہوئی تھی جس میں ان سے مستعفی ہونے کی اجازت مانگی تھی، وزیراعظم سے دو سے تین مرتبہ وزارت سے مستعفی ہونے کا کہہ چکا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جس دن اجازت دیں گے کابینہ سے مستعفی ہوجاؤں گا۔
واضح رہےکہ گزشتہ دنوں حکومت نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو بھی عہدے سے ہٹایا تھا جس کے بعد صوبائی کابینہ میں بھی رد و بدل کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔