پاکستان
Time 14 ستمبر ، 2021

سندھ ہائی کورٹ نے زوہیب حسن کو اشتیاق بیگ کیخلاف بیانات دینے سے روک دیا

معروف گلوکارہ نازیہ حسن کے بھائی زوہیب حسن کے خلاف ایک ارب روپے ہرجانے کے دعوے کی سماعت پر سندھ ہائی کورٹ نے زوہیب حسن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے بیانات دینے سے روک دیا۔

نازیہ حسن کے شوہر مرزا اشتیاق بیگ کی جانب سے دائر دعوے میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ زوہیب حسن نے گزشتہ مہینے ایک انٹر ویو میں ان پر من گھڑت اور جھوٹے الزامات عائد کیے۔

انہوں نے مؤقف اپنایا تھا کہ زوہیب حسن نے نازیہ حسن کی موت کو غیر فطری قرار دیا جبکہ نازیہ حسن لمبے عرصے تک کینسر میں مبتلا رہیں، نازیہ کے انتقال سے متعلق برطانوی حکام کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ موجود ہے۔

مرزا اشتیاق بیگ کا کہنا ہے کہ زوہیب حسن کے الزامات کا مقصد انہیں بلیک میل کرنا ہے۔

عدالت نے زوہیب حسن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 اکتوبر تک تفصیلی جواب دینے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے زوہیب حسن کو اشتیاق بیگ کے خلاف کسی قسم کا بیان نہ دینے کی بھی ہدایت کردی۔

اشتیاق بیگ نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ زوہیب حسن کو ان کیخلاف بیان بازی سے روکا جائے، زوہیب حسن اپنا بیان واپس لے کر معافی مانگیں اور زوہیب حسن سے ایک ارب روپے ہرجانہ بھی دلوایا جائے۔

مزید خبریں :