14 ستمبر ، 2021
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی گئی۔
بلوچستان میں اپوزیشن نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سیکرٹری اسمبلی کو جمع کرائی جس پر 16 ارکان اسمبلی کے دستخط ہیں۔
اس حوالے سے اپوزیشن ارکان کا کہنا تھا کہ جام کمال نے جو کارکردگی دکھائی اس پر انہیں حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں، صوبے میں بد امنی، کرپشن، لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے۔
اپوزیشن نے دعویٰ کیا کہ تحریک عدم اعتماد والے دن سارے نمبر پورے ہو جائیں گے۔
ارکان کا کہنا تھاکہ 7 دن کے اندر اس تحریک پر اجلاس بلایا جائے گا، ابھی مطلوبہ تعداد سامنے نہیں لائیں گے تاہم تحریک عدم اعتماد والے دن سارے نمبر پورے ہوجائیں گے۔
دوسری جانب بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کی تحریک جمع کرانا اپوزیشن کا حق ہے لیکن مطلوبہ تعداد بھی لائیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کو واصح شکست ہوگی، اپوزیشن کا ہمیشہ یہی کام رہا ہے کہ وہ حکومت کے اچھے کاموں کا راستہ روکے۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) اور تحریک انصاف کی اتحادی حکومت ہے۔