Time 18 ستمبر ، 2021
دنیا

انٹیلی جنس اتحاد کی رپورٹ پر پاکستان کا دورہ منسوخ کیا گیا: نیوزی لینڈ میڈیا

نیوزی لینڈ کے میڈیا نے دعویٰ کیا ہےکہ  انٹیلی جنس اتحاد کی جانب سے خطرے سے آگاہ کرنے پر نیوزی لینڈ نے پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔

نیوزی لینڈ میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ پانچ ملکی انٹیلی جنس اتحاد نے نیوزی لینڈ ٹیم کو دورہ پاکستان ختم کرنے کا کہا، نیوزی لینڈ،آسٹریلیا،کینیڈا،امریکا اور برطانیہ کے انٹیلی جنس اتحاد نے خطرے سے آگاہ کیا۔

نیوزی لینڈ میڈیا کا کہنا ہے کہ پانچ ملکی انٹیلی جنس اتحاد کا بتایا گیا سکیورٹی خطرہ قابل اعتماد سمجھا گیا اور  نیوزی لینڈ کی حکومت نے  کرکٹ حکام کے فیصلے کی حمایت کی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ، پاکستان کی حکومتوں اورکرکٹ بورڈزکے درمیان 12 گھنٹے گفتگو ہوئی، حکومتوں اور بورڈز کی اس طویل گفتگو کے بعد دورہ ختم کیا گیا۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ سے کچھ دیر پہلے نیوزی لینڈ نے سکیورٹی وجوہات کو بنیاد بناکر پاکستان کا دورہ منسوخ کردیا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سیریز بھی ملتوی ہوگئی۔


مزید خبریں :