پاکستان
Time 23 ستمبر ، 2021

نواز شریف کے شناختی کارڈ پر جعلی ویکسین کا معاملہ، این سی او سی نے ریکارڈ ہی ختم کر دیا

 
نواز شریف کو 22 ستمبر کے روز لاہور کے ایک سینٹر میں سائنو ویکسین لگنے کے ڈیٹا کا اندراج ہواتھا—فوٹوفائل
نواز شریف کو 22 ستمبر کے روز لاہور کے ایک سینٹر میں سائنو ویکسین لگنے کے ڈیٹا کا اندراج ہواتھا—فوٹوفائل

سابق وزیراعظم نواز شریف کے شناختی کارڈ پر جعلی ویکسی نیشن کے معاملے پر  نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی  ) نے  اپنے ڈیٹا سے  ریکارڈ ہی ختم کر دیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ نواز شریف کو 22 ستمبر  کے روز لاہور کے ایک سینٹر میں سائنو ویک ویکسین لگانے کے لیے ڈیٹا کا اندراج ہوا تھا، نادرا  ریکارڈ کے مطابق نواز  شریف کو سائنو ویک کی پہلی ڈوز لگی تھی۔

اس حوالے سے مزید انکشافات کرتے ہوئے جیو نیوز کراچی کے بیورو چیف فہیم صدیقی کا کہنا ہے کہ نادرا ذرائع سے علم ہوا ہے کہ نواز شریف کو ویکسین لگنے کے حوالے سے  نادرا کے ڈیٹا میں  جعلی اندراج ہوا تھا،  اب اس جعلی اندراج  کو  این سی او سی کے ڈیٹا سے ختم کر دیا گیا ہے جس کے بعد نادرا سمیت  این سی او سی کے ریکارڈ میں نواز شریف کو ویکسین لگنے کا کوئی اندراج نہیں ہے۔

فہیم صدیقی کے مطابق نادرا نے این سی او سی کو واضح کیا ہے کہ اس اندراج سے نادرا کا کوئی تعلق نہیں ہے، یہ کارروائی محکمہ صحت پنجاب کے عملے کی جانب سے کی گئی ہے، لہذا اگر اس عمل کے خلاف کوئی کارروائی کی جائے تو وہ محکمہ صحت پنجاب کے خلاف کی جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نادرا ریکارڈ کے مطابق نواز شریف کو  11دسمبر 2019 کو شناختی  کارڈ جاری کیا گیا تھا اور  اسی شناختی کارڈ کے نمبر کو استعمال کرتے ہوئے انھیں لاہور کے ایک ویکسی نیشن سینٹر میں ویکسین لگنے کا اندراج کیا گیا۔

محکمہ صحت پنجاب نے کارروائی کا آغاز کردیا

دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب نے نوازشریف کی کورونا ویکسی نیشن کی جعلی انٹری پر کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

محکمہ صحت پنجاب نے ویکسی نیشن کے جعلی اندراج  پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبرکرائم کو خط لکھ دیاہے۔

لکھے گئے خط میں  محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو  ویکسی نیشن کاجعلی اندراج کرنے والے شخص کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ڈیٹا انٹری کےمطابق نوازشریف کی ویکسی نیشن لاہو ر کے کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں کی گئی، نیشنل امیونائزیشن مینجمنٹ سسٹم میں اس ویکسی نیشن کی انٹری ویکسی نیٹر نوید الطاف نےکی۔

ڈیٹا انٹری کے مطابق نوازشریف کو ویکسی نیشن 22 ستمبر کو شام 4 بج کر4 منٹ پر لگائی گئی جبکہ نواز شریف کو سائنو ویک کی دوسری ڈوز کے لیے 20 اکتوبر کی تاریخ دی گئی ہے۔

ترجمان مسلم لیگ ن کا ویڈیو بیان

دوسری جانب اس حوالے سے ترجمان مسلم لیگ ن پنجاب عظمیٰ بخاری کا ویڈیو بیان بھی سامنے آگیا ہے۔

ویڈیو بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ہمیشہ حکومت کا ایک نیا لطیفہ اور ناکامی و نااہلی سامنے آتی ہے، سب سے بڑالطیفہ یہ ہے کہ  نواز شریف کو کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں ویکسین لگادی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ  ڈیٹا میں نواز شریف کے نام کا اندراج  موجود ہے اور مزےکی بات یہ ہے کہ این سی اوسی کے ریکارڈ میں اسے اپ  لوڈ بھی کردیا گیاہے۔

عظمیٰ بخاری نے سوال اٹھایا کہ نواز شریف کا آئی ڈی کارڈ پہلے ہی بلاک ہے تو انٹری کیسے ہوگئی؟

مزید خبریں :