23 ستمبر ، 2021
پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان ایک بار پھر 2021 میں سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔
محمد رضوان نے جمعرات کے روز نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں خیبر پختونخوا کی نمائندگی کرتے ہوئے سینٹرل پنجاب کے خلاف 65 رنز کی اننگز کھیلی اور یوں انہوں نے 1000 نیشنل ٹی ٹوئنٹی رنز بھی مکمل کیے۔
محمد رضوان نے اس سال اب تک سب زیادہ 1317 ٹی ٹوئنٹی رنز بنائے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے کرکٹر گلین فلپس 1263 رنز بناکر دوسرے ، انگلینڈ کے لیام لونگسٹن 1238 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
محمد رضوان ایک کلینڈر سال میں 1300 سے زائد ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے تیسرے پاکستانی بیٹسمین ہیں۔
اس سے قبل بابر اعظم نے 2019 میں ٹی ٹوئنٹی میں 1607 جب کہ عمر اکمل نے 2016 میں 1386رنز بنائے تھے۔
اس کے علاوہ اگر محمد رضوان کے مجموعی ٹی ٹوئنٹی کیرئیر پر نظر ڈالیں تو دائیں ہاتھ کے بلے باز نے اب تک 148 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 3281 رنز بنائے ہیں۔