Time 27 ستمبر ، 2021
دنیا

افغانستان میں حجاموں کو طالبان کا نوٹس، داڑھی مونڈھنے پر پابندی لگادی

خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی :طالبان کا اعلان
خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی :طالبان کا اعلان

طالبان نے افغانستان کے صوبہ ہلمند میں داڑھی مونڈھنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، طالبان حکومت کے ڈائریکٹر انفارمیشن اینڈ کلچر حافظ رشید ہلمند نے افغان میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ مردوں کے داڑھی مونڈھوانے پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے کا اعلان مذہبی پولیس کی جانب سے صوبے کے حجاموں کے ساتھ ہوئی ایک میٹنگ کے دوران کیا گیا ۔

طالبان کی جانب سے داڑھی مونڈھنے کو اسلامی قوانین کی خلاف ورزی قراردیا گیا ہے: غیر ملکی میڈیا  رپورٹس 

رپورٹ کے مطابق ، طالبان کی جانب سے مردوں کے داڑھی مونڈھنے کو اسلامی قوانین کی خلاف ورزی قراردیا گیا ہے  اور کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق، کابل میں موجود کئی حجاموں کا کہنا ہے کہ انھیں بھی اسی طرح کے احکامات موصول ہوئے ہیں۔

دوسری جانب  سوشل میڈیا پر طالبان کا ایک خط  بھی گردش کررہا ہے جس میں طالبان کی جانب سے جاری حکم نامے میں حجاموں کو کسی بھی شخص کی داڑھی مونڈھنے کے حوالے سے خبردار کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے حجام دکانوں پر  کام کے دوران موسیقی بھی نہیں لگاسکیں گے ۔

اس حوالے سے کسی بھی شہری کو شکایت کا کوئی حق حاصل نہیں ہے : طالبان

بی بی سی  کی ایک رپورٹ کے مطابق،صوبہ ہلمند میں حجام کی دکان پر لگائے گئے ایک نوٹس میں طالبان افسران کی جانب سے ہلمند کے باشندوں کو خبردار کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ داڑھی مونڈھوانے اور بال تراشنے والوں کو  شرعی قوانین پر عمل کرنا چاہیے ۔ 

اس حوالے سے کابل میں موجود ایک حجام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’طالبان کے کارکن اکثر یہاں آتے ہیں اور ہمیں کہتے ہیں کہ لوگوں کی داڑھیاں مت مونڈھو ، ان میں سے ایک نے مجھے کہا کہ وہ ہمیں رنگے ہاتھوں پکڑنے کے لیے انڈر کور انسپکٹرز بھی بھیج سکتے ہیں۔‘

ایک اور حجام نے بتایا کہ ’مجھے ایک شخص کی جانب سے کال موصول ہوئی جو خود کو سرکاری افسر بتا رہا تھا اور اس نے مجھے کہا کہ امریکی اسٹائل فالو مت کرو ، کسی کی شیو مت بناؤ اور داڑھی مت تراشو۔‘

اس سے قبل بھی فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی)  کی ایک رپورٹ کے مطابق، افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد صوبہ ہرات میں حجاموں کی آمدنی میں واضح کمی آنے کاانکشاف سامنے آچکا ہے۔

خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے نادر شاہ  نامی حجام کا کہنا تھا کہ اگست کے وسط میں طالبان کے افغانستان میں کنٹرول کے بعد افغان شہریوں میں بالوں کو جدید انداز سے سنوارنے کے حوالے سے بھی خوف پایا جاتا ہے۔

دوسری جانب طالبان نے حجاموں پر پابندی کے حکم نامے کو جعلی قرار دے دیا۔ افغان وزارت ثقافت و اطلاعات کے حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر زیر گردش داڑھی مونڈنے پر پابندی کا نوٹیفکیشن جعلی ہے۔

رکن کلچرل کمیشن انعام اللہ سمنگانی کے مطابق یہ حکم نامہ وزارت امر بالمعروف و نہی عن المنکر کی جانب نہیں جاری کیا گیا۔

مزید خبریں :