27 ستمبر ، 2021
راولپنڈی میں نیوزی لینڈ سے نہ ہونے والےکرکٹ میچز پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کوکھانے اور سکیورٹی کی مد میں 27 لاکھ روپےکا بل موصول ہوا ہے۔
یہ بل راولپنڈی انتظامیہ نے بھیجا ہے، جس کا کہنا ہےکہ میچ کے دن سکیورٹی اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی گئیں،انہیں کھانے میں پلاؤ اور بریانی کھلائی جاتی تھی۔
انتظامیہ کے مطابق کیوی ٹیم جب پریکٹس کےلیے آتی تھی تو روٹ لگتا تھا اور جب تک ٹیم گراؤنڈ میں رہتی تھی نفری تعینات رہتی تھی۔
انتظامیہ کامزید کہنا ہےکہ جس دن میچ ہونا تھا اس روز بھی نفری تعینات رہی۔
خیال رہے کہ 17 ستمبر کو دورہ پاکستان پر آئی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز منسوخ کردی گئی ۔
خیال رہےکہ 18سال بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان میں سیریز کھیلنےکے لیے آئی تھی اور ٹیم کی آمد سے قبل نیوزی لینڈ کی سکیورٹی ٹیم نے بھی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچز راولپنڈی اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں کھیلے جانے تھے۔