کاروبار
Time 30 ستمبر ، 2021

ایف بی آر نے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع  کردی۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر کو گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی درخواستیں ملی تھیں جس پر ایف بی آر حکام نے گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیا۔

ترجمان ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ 15 اکتوبر تک بڑھا دی گئی ہے۔

کے سی سی آئی کے وفد کی وزیر خزانہ سے ملاقات

دوسری جانب کراچی چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کے سی سی آئی کے وفد نے وزیر خزانہ شوکت ترین سے ملاقات کی جس میں شوکت ترین نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 15 اکتوبر تک توسیع کا اعلان کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے گوشوارے جمع کرانے میں درپیش مسائل سننے کے بعد 15 دن تک توسیع کا اعلان کیا جس پر وفد نے وزیر خزانہ کے فیصلے کو سراہا۔

واضح رہےکہ ایف بی آر کے ٹیکس فائلنگ سسٹم آئرس میں تکنیکی مسائل سامنے آئے تھے جس کے باعث تاجروں کی جانب سے گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا گیا تھا۔