Geo News
Geo News

Time 30 ستمبر ، 2021
پاکستان

راولپنڈی: کورونا ویکسی نیشن کی شرح زیادہ ہونے پر لاک ڈاؤن میں نرمی

نوٹیفکیشن کا اطلاق 15 اکتوبر تک ہوگا: سیکرٹری صحت/ فائل فوٹو
نوٹیفکیشن کا اطلاق 15 اکتوبر تک ہوگا: سیکرٹری صحت/ فائل فوٹو

راولپنڈی میں ویکسی نیشن کی زیادہ شرح کے باعث لاک ڈاؤن میں نرمی کردی گئی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

سیکرٹری صحت کے مطابق نوٹیفکیشن کا اطلاق 15 اکتوبر تک ہوگا اور جن اضلاع میں ویکسی نیشن کی شرح زیادہ ہوگی وہاں لاک ڈاؤن میں نرمی کی جائے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شہر میں مارکیٹ اورکاروباری مراکز رات 10 بجے تک کھل سکیں گے اور اتوارکو چھٹی ہوگی جب کہ ریسٹورینٹس اور ہوٹل ہفتےکے 7 دن کھل سکیں گے، ویکسین شدہ افراد کے لیے ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ کی رات 12 بجے تک اجازت ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ ان ڈور شادیوں کی تقریبات میں 200 ویکسین شدہ افراد کو اجازت ہوگی اور آؤٹ ڈور شادیوں میں صرف 400 ویکسین شدہ افراد کو اجازت ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مزارات پر 30 سال سے زائد ویکسین شدہ افراد کو آنے کی اجازت ہوگی اور سنیما گھر صرف ویکسین شدہ افراد کے لیے کھل سکیں گے، ان ڈور اجتماعات میں صرف 300 ویکسین شدہ افراد اور آؤٹ ڈور اجتماعات میں 1000 ویکسین شدہ افراد کو اجازت ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہےکہ تمام قسم کےکھیلوں کی صرف ویکسین شدہ افراد کے لیے اجازت ہوگی جب کہ تفریحی مقامات 50 فیصد گنجائش کے ساتھ کھل سکیں گے، تمام نجی و سرکاری دفاتر 100 فیصد عملہ کے ساتھ کام کرسکیں گے۔