کھیل
Time 02 اکتوبر ، 2021

فیفا نے پاکستان کی نارملائزیشن کمیٹی کی مدت میں ایکبار پھر توسیع کردی

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان کی نارملائزیشن کمیٹی کی مدت میں ایکبار پھر توسیع کردی ہے۔ —فوٹو: فائل
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان کی نارملائزیشن کمیٹی کی مدت میں ایکبار پھر توسیع کردی ہے۔ —فوٹو: فائل

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان کی نارملائزیشن کمیٹی کی مدت میں ایکبار پھر توسیع کردی ہے۔

 فیفا کا کہنا ہے کہ معطلی کے خاتمہ کیلئے پاکستان میں حوصلہ افزا اقدامات ہوئے ہیں تاہم جب تک پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف ) کے دفاتر پر غیر منظور شدہ گروپ کا قبضہ برقرار رہے گا، پاکستان کی معطلی کو ختم نہیں کیا جائے گا۔

جمعے کی رات جاری ہونیوالے فیفا اعلامیے کے مطابق، نارملائزیشن کمیٹی کی مدت کو 31 دسمبر 2021 تک بڑھادیا گیا ہے، یہ مدت30 ستمبر کو ختم ہوگئی تھی ۔ تاہم پاکستان کی معطلی کو فی الحال برقرر رکھا جائے گا۔

فیفا نے کہا کہ نارملائزیشن کمیٹی نے پاکستان کی فیفا سے معطلی کو ختم کرانے کیلئے حوصلہ افزا اقدامات مانیٹر کیے ہیں جو حکومتی اور عدالتی سطح پر دیکھے گئے ہیں تاہم پی ایف ایف دفاتر پر قبضہ اب بھی برقرار ہے ، یہ دفاتر جب تک فیفا کی نامزد کردہ نارملائزیشن کمیٹی کے سپرد نہیں ہوتے، پی ایف ایف کی معلطی برقرار رہے گی۔

فیفا کا کہنا ہے کہ بیورو آف فیفا کونسل نے پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کی معیاد میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پی ایف ایف کی معطلی کو ختم کرنے کیلئے انتظامی اور قانونی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے اور پاکستان میں کمیٹی کے حقیقی مینڈیٹ کو بھی حاصل کیا جاسکے۔

واضح رہے کہ فیفا نے 2019 کے آخر میں پاکستان میں حمزہ خان کی سربراہی میں نارملائزیشن کمیٹی کا تقرر کیا تھا جس کے مقاصد میں پی ایف ایف میں ہر سطح کے الیکشن کرانا شامل تھا اس سے قبل اسکروٹنی کا عمل بھی ان کے اختیارات میں شامل تھا۔

 حمزہ خان 2020 کے آخر میں مستعفی ہوئے تو ان کی جگہ ہارون ملک کو کمیٹی کا نیا سربراہ بنایا گیا تھا۔

مارچ 2019 میں اشفاق شاہ گروپ نے پی ایف ایف دفاتر پر یہ کہہ کر دوبارہ قبضہ حاصل کرلیا تھاکہ ہارون ملک کی سربراہی میں نارملائزیشن کمیٹی نے اپنے مینڈیٹ کے مطابق کام نہیں کیا۔

پی ایف ایف دفاتر سے نارملائزیشن کمیٹی کی بے دخلی اور اشفاق گروپ کے قبضے کے بعد سے پی ایف ایف نے پاکستان فٹبال فیڈریشن پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔

مزید خبریں :