پاکستان
Time 03 اکتوبر ، 2021

مونس الٰہی کے تمام اثاثے ڈکلیئرڈ ہیں، ترجمان چوہدری برادران

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

 پنڈورا پیپرزپر مسلم لیگ ق کے رہنماؤں چوہدری برادران کے ترجمان کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ چوہدری برادران کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانےکے لیےفائلوں میں غلط اور گمراہ کن مواد بھرا گیا، ماضی میں مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ نام نہاد احتساب کے نام پر حقائق کے برعکس گمراہ کن پراپیگنڈا کیا گیا، چوہدری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کے تمام اثاثے قانونی طور پر ڈکلیئرڈ ہیں۔

خیال رہےکہ پنڈورا پیپرز میں 700 سے زائد پاکستانیوں کی آف شور کمپنیاں سامنے آگئی ہیں، ان افراد میں  مسلم لیگ (ق) کے رہنما و اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کے بیٹے اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی کا نام بھی سامنے آیا ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے پنڈورا پیپرز میں شامل پاکستانیوں سے تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ پنڈورا پیپرز کا خیرمقدم کرتے ہیں، پنڈورا پیپرز اشرافیہ کی ناجائز دولت کو بے نقاب کرتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا ہےکہ میری حکومت پنڈورا پیپرز میں سامنے آنے والے تمام شہریوں کی تحقیقات کرےگی، اگر کوئی غلطی ثابت ہوئی تو مناسب کارروائی کریں گے۔

مزید خبریں :