دنیا
Time 04 اکتوبر ، 2021

بھارت میں متنازع زرعی پالیسی کیخلاف کسانوں کا احتجاج، پرتشدد واقعات میں 8 افراد ہلاک

بھارتی حکومت کی متنازع زرعی پالیسی کے خلاف کسانوں کے احتجاج کے دوران پرتشدد واقعات میں 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش میں کسانوں کے احتجاج کے دوران حکمران جماعت بھارتیہ جنتہ پارٹی سے تعلق رکھنے والے جونیئر وزیر داخلہ اجے مشرا کے قافلے کی گاڑی مظاہرین پر چڑھ دوڑی جس سے 4 کسان ہلاک ہو گئے۔

مقامی پولیس کے مطابق واقعے کے بعد مشتعل مظاہرین نے کار کو آگ لگائی جس سے کار میں موجود 4 افراد ہلاک ہو گئے۔

اس واقعے کے حوالے سے جونیئر وزیر داخلہ اجے مشرا کا کہنا ہے کہ گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر مظاہرین پر چڑھ گئی، حادثے کے وقت گاڑی میں اگر میرا بیٹا بھی موجود ہوتا تو مظاہرین اسے بھی زندہ نہ چھوڑتے۔

اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی ناتھ کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت کے مختلف حصوں میں کسان حکومت کی زرعی پالیسی کے خلاف کئی ماہ سے احتجاج کر  رہے ہیں جبکہ مودی سرکار کا کہنا ہے کہ حکومت کی زرعی پالیسی سے کسانوں کو فصلوں کے بہتر دام ملیں گے۔

مزید خبریں :