کھیل
Time 09 اکتوبر ، 2021

سندھ نے سدرن پنجاب کو 45 رنز سے ہراکر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا

 
سندھ نے شرجیل خان کی 56 گیندوں پر 101 رنز کی جارحانہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنزکا پہاڑ جیسا مجموعہ بنایا —فوٹو: پی سی بی
سندھ نے شرجیل خان کی 56 گیندوں پر 101 رنز کی جارحانہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنزکا پہاڑ جیسا مجموعہ بنایا —فوٹو: پی سی بی

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں سندھ نے سدرن پنجاب کو 45 رنز سے ہراکرسیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا۔

 سندھ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شرجیل خان کی 56 گیندوں پر 101 رنز کی جارحانہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنزکا پہاڑ جیسا مجموعہ بنایا۔ اوپنر کی عمدہ اننگز میں 13 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

اوپنر احسان علی کے 5 رنز بناکر پویلین واپس لوٹنے پرشرجیل خان نے سعود شکیل، شان مسعود اور سرفراز احمد کے ہمراہ بالترتیب 56، 37 اور 53 رنز کی شراکت قائم کی،سعود شکیل 26، شان مسعود 22 اور سرفراز احمد 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس کے علاوہ انور علی نے 3 چوکوں کی مدد سے 17 رنز کی اننگز کھیلی۔

سدرن کی جانب سے محمد عمران اور نسیم شاہ نے2، 2 جبکہ عامر یامین اور ضیا الحق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

197 رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 151 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

 اوپنر طیب طاہر 32 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے،انہوں نے سلمان علی آغا کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے 43 رنز کی شراکت قائم کی ،سلمان علی 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ایسے میں اعظم خان کے 2 اور معین الدین کے 11 رنز پر پویلین واپس لوٹنے پر محمد عمران اور عامر یامین کے بالترتیب 29 اور 27 رنز کی اننگز نے سدرن پنجاب کو میچ میں کچھ امید ضرور دلائی تاہم تجربہ کار پیسر رومان کی مسلسل تین گیندوں پر تین وکٹوں نے ان امیدوں پر مکمل پانی پھیر دیا۔

رومان رئیس نے عامر یامین، حسان خان اور نسیم شاہ کو لگاتار تین گیندوں پر پویلین واپس بھجوا کر ٹورنامنٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک کی۔

رومان رئیس نے 3 جبکہ انور علی ، دانش عزیز اور زاہد محمود نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل جمعے کے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں ناردرن نے سینٹرل پنجاب کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

مزید خبریں :