Time 11 اکتوبر ، 2021
پاکستان

خاتون ٹک ٹاکر کیس میں نیا موڑ، عائشہ اور ریمبو کی مبینہ آڈیو گفتگو سامنے آگئی

مینار پاکستان پر درجنوں افراد کی جانب سے خاتون ٹک ٹاکر کو بے لباس کرنے سے متعلق کیس میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

گریٹر اقبال پارک میں درجنوں افراد کی درندگی کا شکار ہونے والی ٹک ٹاکر عائشہ اکرم اور ان کے دوست ریمبو کی ایک مبینہ آڈیو ٹیپ سامنے آئی ہے۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق جمال کا کہنا ہے کہ مبینہ آڈیو ریکارڈنگ قبضے میں لیے گئے ریمبو کے فون سے ملی ہے، فون کال کی ریکارڈنگ کو کیس کا حصہ بنا رہے ہیں اور کال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

آڈیو ریکارڈنگ کے مطابق عائشہ اکرم اور ریمبو میں ملزمان کی رہائی کے بدلے رقم لینے کی منصوبہ بندی ہوئی۔

مبینہ آڈیو ٹیپ میں عائشہ اکرم اور ریمبو ایک دوسرے سے مکالمہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ مجرم 6 ہیں یا 7، عائشہ ریمبو سے کہتی ہے کہ 6 مجرم ہیں جنھیں شناخت کیا ہے۔

ریمبو ٹک ٹاکر عائشہ سے کہتا ہے کہ فی مجرم کتنے پیسے لیے جائیں، زیادہ تر تو غریب ہیں، جس پر عائشہ جواب دیتی ہے کہ مشکل سے ان لوگوں نے 5، 5 لاکھ کرنے ہیں۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق جمال کا کہنا ہے کہ ریمبو 4 روز کے جسمانی ریمانڈ پر ہے اور اس دوران کیس کی کافی تفصیلات سامنےآئی ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل پولیس نے ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کو بلیک میل کرنے کے الزام میں ریمبو کو گرفتار کیا تھا جبکہ ریمبو نے بھی عائشہ پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ ملزمان سے رقم کا مطالبہ کر رہی تھی۔

مزید خبریں :