Time 11 اکتوبر ، 2021
پاکستان

حکومت سرکاری قیمت پر چینی کی فروخت میں ناکام، سب سے مہنگی چینی کس شہر میں؟

ملک میں چینی کی 89 روپے 75 پیسے فی کلو پر فروخت کے حکومتی دعوے ہوا ہوگئے، چینی 90  تو کیا ملک میں کہیں 100 روپے کلو پر بھی دستیاب نہیں ہے۔

حکومت 16 جولائی2021 سے اب تک 3 بار چینی کی سرکاری قیمت مقرر کر چکی ہے لیکن اپنے فیصلوں پرعمل درآمد کروانےمیں ناکام رہی ہے، شہری حکومت کی مقرر کردہ ریٹیل قیمت سے 25 اعشاریہ 75 روپے روپے فی کلومہنگی چینی خریدنے پرمجبورہیں ۔

حکومت نے چینی کی ریٹیل قیمت 89.75 روپے فی کلو مقررکی ہے جب کہ اوپن مارکیٹ میں چینی 115 روپے فی کلو تک فروخت کی جارہی ہے ۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق کراچی والوں کے لیے سرکاری نرخ کے مقابلے چینی سب سے زیادہ مہنگی ہے جہاں چینی کی فی کلو قیمت 115روپے تک ہے ۔

اسلام آباد، راولپنڈی ، لاہور، ملتان اور کوئٹہ میں چینی کی ریٹیل قیمت 110روپے کلو تک ہے ، حیدرآباد، پشاور ،لاڑکانہ ، بہاولپور اور بنوں میں چینی 108 روپےفی کلوفروخت کی جا رہی ہے، سیالکوٹ میں چینی کی قیمت 107 روپے اور فیصل آباد میں 106 روپے تک ہے۔

 ادارہ شماریات کے مطابق سرگودھا،گوجرانوالا، سکھر اور خضدارمیں چینی کی قیمت 105 روپے کلو تک ہے، حکومت نے سرکاری نرخ پر چینی فروخت نہ کرنے پر کارروائی کا بھی اعلان کررکھا ہے ۔

مزید خبریں :