پاکستان
Time 11 اکتوبر ، 2021

اپوزیشن کے بعد باپ کے ارکان نے بھی جام کمال کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی

اپوزیشن جماعتوں کے بعد بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے ناراض ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی۔

ذرائع نے بتایا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض ارکان نے تحریک عدم اعتماد اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی جبکہ تحریک عدم اعتماد پر14 ارکان کے دستخط ہیں۔

تحریک عدم اعتماد کے متن کے مطابق  3 سال میں مایوسی، بدامنی اور بیروزگاری ہوئی، وزیراعلیٰ جام کمال اہم معاملات مشاورت کے بغیر چلارہے ہیں، کابینہ ارکان انہیں آگاہ کرتے رہے لیکن جام کمال نے توجہ نہ دی۔

متن میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ نے وفاق سےآئینی اوربنیادی مسائل پرغیر سنجیدگی کا ثبوت دیا، جام کمال کی غیر سنجیدگی سے گیس، بجلی، پانی اور معاشی بحران ہوا۔

متن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ جام کمال کی خراب کارکردگی پرانہیں وزیراعلیٰ کےعہدے سے ہٹایا جائے اور ایوان کی اکثریت کے حامل رکن اسمبلی کو وزیراعلیٰ منتخب کیا جائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے بھی وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔

مزید خبریں :