17 اکتوبر ، 2021
آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیوروکی جانب سے 2 اکتوبر کی شب کروز شپ پر ہونے والی پارٹی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا جس کی مبینہ ویڈیو سامنے آگئی۔
این سی بی نے دعویٰ کیا کہ کروز شپ پارٹی میں منشیات کے استعمال پر ملنے والی اطلاع کے بعد چھاپہ ماراگیا جس میں آریان خان کو ان کے دوستوں سمیت گرفتار کیا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر کروز شپ پارٹی اور این سی بی کے چھاپے سے متعلق بھارتی میڈیا کے ویریفائیڈ سوشل اکاؤنٹ سے مختلف ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں جس سے متعلق دعویٰ کیا گیا ہےکہ یہ ویڈیو اسی کروز شپ پارٹی کی ہے جہاں سے آریان کو گرفتار کیا گیا۔
شیئر کی جانے والی ویڈیو میں کروز شپ پارٹی کے دوران اندرونی ماحول کو فلم بند کیا گیا ہے۔
ویڈیو میں کروز شپ کے مختلف فلورز پر سیکڑوں کی تعداد میں لڑکے لڑکیوں کومیوزک پر ڈانس کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو پر درج وقت کے مطابق یہ ویڈیو رات تقریباً ساڑھے تین بجے کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے سوشل اکاؤنٹس پر شیئر کی جانے والی ایک اور ویڈیو میں آریان خان کی گرفتاری کے مناظر کو بھی فلم بند کیا گیا ہے۔
ویڈیو میں ممبئی پولیس اور این سی بی کے اہلکار آریان کو گرفتار کرنے کے بعد انہیں تیزی سے لے کر جارہے ہیں۔
شیئر کی گئی ایک دوسری ویڈیو میں چھاپہ مارنے والے این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر کا ویڈیو بیان بھی ہے۔
این سی بی ڈائریکٹر نے کہا کہ چھاپے کے دوران 8 سے 10 افراد کو گرفتار کیا ہے اور اس حوالے سے ابھی کچھ کہنا ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا لیکن یہ بتاسکتے ہیں کہ ان افراد سے چرس برآمد ہوئی۔