17 اکتوبر ، 2021
بھارت میں ایک مسلمان باحجاب لڑکی کے ساتھ لڑکوں کے ایک گروہ کی جانب سے بدسلوکی کی ویڈیو منظر عام آئی ہے۔
بھارتی میڈیا پر ریاست مدھیہ پردیش میں ایک مسلمان باحجاب لڑکی کی ہندو لڑکے کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو شیئر کی گئی ہے، ویڈیو میں لڑکوں کے ایک گروہ کی جانب سے ہندو لڑکے کے ساتھ موجود لڑکی کو برقعہ اتارنے پر مجبور کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام نگر میں برقعہ پہنی لڑکی بائیک پر لڑکے کے ساتھ کہیں جا رہی تھی کہ راستے میں انہیں چند لوگوں نے روکا اور ان کی ویڈیو بناتے ہوئے لڑکی سے برقعہ اتارنے کا مطالبہ کیا۔
چند لڑکوں کے خوف سے ہندو لڑکے نے بھی لڑکی سے برقعہ اتارنے کو کہا اور جب لڑکی نے برقعہ اتار دیا تو گروہ کی جانب سے لڑکی کے چہرے پر لگا حجاب بھی اتارنے کو کہا جاتا رہا۔
بھارتی میڈیاکا بتانا ہے کہ لڑکوں کے گروہ کو خدشہ تھا کہ بائیک پر ہندو لڑکے کے ساتھ بیٹھی لڑکی مسلمان ہے اور اس عمل کے ذریعے وہ ان کی قوم کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ویڈیو میں گروہ کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ آپ ہماری قوم کو بدنام کر رہی ہیں۔