18 اکتوبر ، 2021
لاہور: ایکسپو سینٹر میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے خصوصی طور پر قائم کردہ فیلڈ اسپتال نے مریضوں اور ان کے اہلخانہ کو مشکل سے دوچار کررکھا ہے۔
فیلڈ اسپتال سے مریضوں کو ایمرجنسی کی صورت میں سروسز یا جناح اسپتال منتقل کرنے کے کوئی انتظامات نہیں ہیں۔
پریشان مریضوں کے لواحقین کرائے پر پیسے دے کر مریضوں کو شفٹ کرنے پر مجبور ہیں تاہم ریسکیو 1122 کے اہلکار فیلڈ اسپتال میں موجود تو ہیں لیکن ریسکیو گاڑیاں غائب ہیں، ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ہماری گاڑیاں نہیں ہیں۔
دوسری ایمبولینس سروس کے ذریعے مریض کو فی کلو میٹر کے حساب سے کرایہ پر منتقل کیا جاتا ہے۔
فیلڈ اسپتال کے ڈی ایم ایس ڈاکٹر عاصم کا دعویٰ ہے کہ مریضوں کیلئے ایمبولینس گاڑیاں کھڑی ہیں جب کہ حقیقت یہ ہے کہ وہ اسپتال کے عملے کو سروس فراہم کررہی ہیں۔
ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ریسکیو کی گاڑیاں مستقل طور پر ایکسپو میں کھڑی نہیں کی جا سکتیں، ایکسپو فیلڈ اسپتال کی کال پر مریض کو مفت سروسز فراہم کی جاتی ہے۔