16 اکتوبر ، 2021
پنجاب میں رواں برس کے دوران اب تک 5700 سے زائد افراد ڈینگی وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں جن میں سے 4 ہزار سے زائد افراد کا تعلق لاہور سے ہے۔
پنجاب سمیت لاہور میں ڈینگی کی صورتحال بے قابو ہوتی جارہی ہے جبکہ ڈینگی کے وائرس سے صوبے بھر میں اب تک 23 اموات ہو چکی ہیں۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 508 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی جن میں سے 373 مریضوں کا تعلق لاہور سے ہے۔
لاہور کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 831 مریض داخل ہیں جب کہ لاہور کے علاوہ صوبے کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 659 مریض زیر علاج ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں جہاں کورونا کے پیش نظر دباؤ کا سامنا ہے وہاں ڈینگی کے مریضوں کا بھی شدید دباؤ ہے، ایک ایک بیڈز پر 3،3 مریض لیٹے ہوئے ہیں اور مزید بیڈ بھی شامل کیے جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ گز شتہ 2 سالوں میں ڈینگی کی صورتحال رواں سال کے برعکس رہی ،2019 میں پنجاب میں 8 ہزار 674 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے، 2020 میں صرف 247 کیسز سامنے آئے جب کہ ان 2 سالوں میں کوئی اموات نہیں ہوئی تھی۔
کمشنر لاہور نے ایک رپورٹ میں اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ کورونا میں توجہ کے باعث ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اس طرح کام نہیں ہوا جس طرح ہونا چاہیے تھا۔
محکمہ صحت پنجاب کا دعویٰ ہے کہ وہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے مؤ ثر اقدامات کررہے ہیں۔