18 اکتوبر ، 2021
بھارتی ایجنسی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے دعویٰ کیا ہے کہ شاہ رخ خان کے بیٹے کی گرفتاری کے باعث ایک بڑے آپریشن میں کامیابی ملی۔
آریان کی گرفتاری کے بعد سے این سی بی کو بھارتی سیاستدانوں سمیت میڈیا کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور متعدد اداکار آریان کی حمایت میں سامنے آئے اور ان کی گرفتاری کیخلاف آواز اٹھائی۔
تاہم بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران این سی بی کے افسر نے خود پر ہونے والی تنقید سے متعلق کہا کہ آریان کی گرفتاری پر ہونے والی تنقید ملک سے منشیات کا صفایا کرنے کے مقصد میں ہمیں کامیاب کرنے اور مضبوط بنانے میں مدد فراہم کررہی ہے۔
این سی بی افسر نے انکشاف کیا کہ جب ناقدین این سی بی پر الزامات لگانے میں مصروف تھے تو اس وقت ہم بھارت میں انتہائی اہم آپریشن کررہے تھے جس میں ہمیں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مذکورہ آپریشن مکمل ہونے پر ہم نے ایک کروڑ کی منشیات برآمد کی ہے۔
یاد رہے کہ این سی بی نے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان سمیت 8 افراد کو 2 اکتوبر کی رات ممبئی کے ساحل پر کروز شپ پارٹی سے منشیات رکھنے اور استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔