19 اکتوبر ، 2021
دنیا بھر میں پیغام رسانی اور ویڈیو کالنگ کی مقبول ترین ایپلیکیشن واٹس ایپ کو پرانے آپریٹنگ سسٹمز والے اینڈرائڈ اور ایپل فونز کے صارفین یکم نومبر سے استعمال نہیں کرسکیں گے۔
برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق یکم نومبر سے فیس بک کی ملکیت واٹس ایپ کو 50 سے زائد موبائل فونز کے صارفین استعمال نہیں کرسکیں گے، آئندہ ماہ واٹس ایپ کی سروسز سے محروم ہونے والے موبائل فونز کے ماڈلز میں آئی فون، سیم سنگ، ایل جی اور سونی کے موبائل سیٹ شامل ہیں۔
یکم نومبرکے بعد آئی فون صارفین جن کے موبائل میں آئی او ایس 9 یا اس سے پرانا ورژن ہے انہیں اپڈیٹ کرنا ہوگا اور وہ آئی اوایس 10 یا اس سے نئے ورژن پر ہی واٹس ایپ استعمال کرسکیں گے، اسی طرح ایسے اینڈرائڈ صارفین جو اب تک 4.04 ورژن استعمال کررہے ہیں انہیں 4،1 یا اس سے جدید ورژن اپڈیٹ کرنا ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق بہت سے معروف اینڈرائڈ موبائل فونز یکم نومبر کے بعد واٹس ایپ کو سپورٹ نہیں کریں گے، ان میں سام سنگ گلیکسی ایس 3 اور ہواوے ایسنڈ میٹ شامل ہے جب کہ ایپل میں آئی فون 4 یا اس سے پرانے فونز میں بھی واٹس ایپ نہیں چلے گا، ان موبائل فونز کے صارفین کو واٹس ایپ کے استعمال کے لیے نیا اسمارٹ فون خریدنا ہوگا۔
اس کے علاوہ آئی فون 6s ، 6s پلس اور آئی فون ایس ای کے علاوہ گلیکسی ٹرینڈ لائٹ، گلیکسی ٹرینڈ 2 اور گلیکسی s2 سمیت 4 درجن کے قریب اسمارٹ فونز کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔