Time 19 اکتوبر ، 2021
کھیل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں چار مرتبہ ٹاپ فور تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیمیں کون سی ہیں؟

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں صرف تین ٹیمیں ایسی ہیں جو چار مرتبہ ٹاپ فور تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہیں اور  پاکستان ان میں سے ایک ہے۔

پاکستان کے علاوہ سری لنکا اور ویسٹ انڈیز بھی چار بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ٹاپ فور مرحلے تک پہنچ چکی ہیں۔

2007 سے 2016 کے درمیان ہونیوالے 6 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ایڈیشنز کے ابتدائی 4 ایڈیشنز میں پاکستان نے دو فائنل کھیلے، ایک میں جیتا ، ایک میں رنر اپ رہا  جبکہ دو مرتبہ سیمی فائنل بھی کھیلے تاہم آخری دو ایڈیشنز میں پاکستان کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی۔

2007 سے 2016 کے درمیان ہونیوالے 6 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ایڈیشنز کے ابتدائی 4 ایڈیشنز میں پاکستان نے دو فائنل کھیلے، ایک میں جیتا ، ایک میں رنر اپ رہا— فوٹو: فائل
2007 سے 2016 کے درمیان ہونیوالے 6 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ایڈیشنز کے ابتدائی 4 ایڈیشنز میں پاکستان نے دو فائنل کھیلے، ایک میں جیتا ، ایک میں رنر اپ رہا— فوٹو: فائل

ٹی ٹوئنٹی کا پہلا ورلڈ کپ 2007 میں جنوبی افریقا میں کھیلا گیا  جس میں پاکستان نے گروپ اسٹیج اور پھر سپر ایٹ اسٹیج میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ ان دونوں مراحل میں پاکستان کو صرف ایک میچ میں شکست ہوئی جو بھارت کیخلاف تھا، وہ بھی ٹائی ہونے کے بعد ٹائی بریکر پر باؤل آؤٹ مقابلے میں۔

اس ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو چھ وکٹ سے شکست دی اور پھر فائنل میں ایک بار پھر بھارت سے سامنا ہوا ، مصباح کا آخری اوور میں اسکوپ شاٹ اور پاکستان ٹائٹل سے پانچ رنز کی دوری پر ہمت ہار گیا۔

دو سال بعد انگلینڈ میں ہونیوالے دوسرے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے پہلے گروپ اسٹیج میں شاندار کارکردگی دکھائی، پھر سپر ایٹ کا مرحلہ بھی پار کیا۔ سیمی فائنل میں شاہد آفریدی کی شاندار کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقا کو شکست دی اورفائنل میں پہنچا اور ورلڈ چیمپئن بن گیا۔

2010 کا ورلڈ کپ ویسٹ انڈیز میں ہوا، پاکستان اس ٹورنامنٹ میں اعزاز کے دفاع کیلئے میدان میں اترا، پہلے راونڈ میں بنگلا دیش کو شکست دے کر سپر ایٹ میں جگہ بنائی۔ پھر سپر ایٹ میں اس نے صرف ایک میچ جنوبی افریقا سے جیتا اور بہتر رین اوسط کی بنیاد پر سیمی فائنل میں آگیا۔

سیمی فائنل میں پاکستان کا سامنا آسٹریلیا سے تھا، بیٹرز نے شاندار کارکردگی دکھائی اور آسٹریلینز کو جیت کیلئے 192 رنز کا ہدف دیا۔ ایک موقع پر یوں لگ رہا تھا کہ پاکستان یہ میچ جیت جائے گا مگر مائیکل ہسی نے بازی پلٹ دی اور پاکستان سیمی فائنل ہار گیا۔

2012 کے چوتھے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے پاکستان ٹیم سری لنکا پہنچی، گروپ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کو ہرایا، سپر ایٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کو شکست دی، سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ سری لنکا سے تھا، پاکستانی ٹیم 140 کے تعاقب میں صرف 123 رنز ہی بناسکی اور ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہوگئی۔

بنگلا دیش میں ہونیوالے 2014 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی کارکردگی مایوس کن رہی ، گروپ میں چار میں سے وہ صرف دو میچز ہی جیت پائی۔ ویسٹ انڈیز کیخلاف آخری گروپ میچ میں پاکستان ٹیم 166 کے جواب میں صرف 82 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ اس ایونٹ میں پاکستان اگلے راؤنڈ تک نہ آسکا۔

2016  میں بھارت میں ہونیوالا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پاکستان کیلئے کارکردگی کے حساب سے بدترین ثابت ہوا، اپنے گروپ میں پاکستان ٹیم چار میں سے صرف ایک گیم جیت سکی وہ بھی بنگلا دیش کیخلاف، دیگر میچز میں اسے بھارت، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا نے شکست دی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم نے مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے، 19 میں اسے کامیابی ملی جبکہ 15 میں پاکستان ناکام رہا۔ شاہد آفریدی اور شعیب ملک 546،546 رنز بناکر پاکستان کے کامیاب ترین بیٹرز ہیں جبکہ 39 وکٹوں کے ساتھ شاہد آفریدی نہ صرف پاکستان بلکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی مجموعی طور پر کامیاب ترین بولر ہیں۔

مزید خبریں :