21 اکتوبر ، 2021
فیس بک کی ملکیت مقبول ترین ایپلیکیشن واٹس ایپ کا شمار پیغام رسانی اور ویڈیو کالنگ کے لیے سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ایپ میں ہوتا ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کی سہولت اور آسانی کے لیے آئے روز نت نئےفیچر متعارف کروائے جاتے ہیں۔
ویب بیٹاانفو کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے اپنے ’پکچر ان پکچر موڈ‘ کے فیچر میں نئی تبدیلی کی آزمائش کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ واٹس کی جانب سے ’پکچر ان پکچر موڈ‘ یا پی آئی پی موڈ فیچر کو 2018 میں متعارف کروایا گیا تھا اس کے ذریعے صارفین دوستوں کی طرف سے بھیجی جانے والی فیس بک ، یوٹیوب اور انسٹاگرام ویڈیوز کے لنک کو چیٹ ونڈو میں ہی کھول سکتے ہیں اور ویڈیو دیکھنے کے لیے چیٹ ونڈو سے باہر نہیں جانا پڑتا، اب اس فیچر میں ایک نئی تبدیلی کی جارہی ہے۔
ویب بیٹا انفو کے مطابق ’پکچر ان پکچر موڈ‘ میں تبدیلی کے بعد ویڈیو پلیئر میں کنٹرول بار ویڈیو کے بیچ میں نظر آنے کے بجائے نیچے نظر آئے گا اور وہیں سے ویڈیو کو روکا ، ہٹایا یا پھر فل اسکرین پر دیکھا جاسکے گا، اس فیچر میں ویڈیو کے بیچ میں آنے والے کنٹرول بار کی جھنجھٹ ختم ہوجائےگی۔
فی الحال مذکورہ آزمائشی فیچر سے واٹس ایپ کے بیٹا ورژن صارفین مستفید ہوسکیں گے جس کے بعد امید ہےکہ یہ جلد تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔