پاکستان
Time 22 اکتوبر ، 2021

سعودی ولی عہد کی دعوت پر وزیراعظم سعودی عرب کا دورہ کریں گے

وزیراعظم عمران خان 23 اکتوبر کو سعودی عرب کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔

2 روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور ریاض میں منعقدہ مڈل ایسٹ گرین انیشیٹیو سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر 23 اکتوبر کو سعودی عرب کا 2 روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی سعودی عرب جائے گا، وفد میں وزیر خارجہ اور کابینہ کے دیگر ارکان شامل ہوں گے۔

وزیراعظم ریاض میں منعقدہ مڈل ایسٹ گرین انیشیٹیو سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے اور ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کا تجربہ شیئر کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق سعودی قیادت کے ساتھ دو طرفہ امور، معاشی و تجارتی تعلقات کے فروغ ، پاکستانی افرادی قوت کے لیے مزید مواقع، تارکین وطن کی فلاح و بہبود کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔

وزیر اعظم پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کریں گے اور سعودی عرب میں پاکستانی سرمایہ کاروں اور تاجروں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔

مزید خبریں :