27 اکتوبر ، 2021
بالی وڈ کے کنگ کہلانے والے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو آج بھی ضمانت نہ مل سکی اور بمبئی ہائیکورٹ نے ضمانت کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کردی ہے۔
کل سالیسیٹر جنرل انیل سنگھ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی نمائندگی کرتے ہوئے ضمانت کی مخالفت کے حق میں اپنے دلائل دیں گے۔
اطلاعات کے مطابق انیل سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے دلائل مکمل کرنے میں تقریباً ایک گھنٹہ لیں گے اور اگر وکلائے صفائی نے بھی وقت پر اپنے دلائل مکمل کرلیے تو فیصلہ جمعے تک آسکتا ہے ورنہ اس میں مزید تاخیر بھی ہوسکتی ہے۔
اگر 30 اکتوبر تک ہائیکورٹ کا فیصلہ نہ آیا تو صورتحال آریان خان اور شاہ رخ کے لیے مزید خراب ہوجائے گی۔
رپورٹس کے مطابق یکم اکتوبر کے بعد سے بھارت میں دیوالی کی سرکاری چھٹیاں شروع ہوجائیں گی اور ویک اینڈز کو ملا کر یہ تقریباً 15 دن کی چھٹیاں بنتی ہیں۔
اگر 30 اکتوبر تک آریان خان کو ضمانت نہ ملی یا ضمانت کی درخواست مسترد ہوئی تو شاہ رخ خان کو اعلیٰ عدلیہ میں اپیل کرنے کے لیے دیوالی کی چھٹیاں ختم ہونے کا انتظار کرنا ہوگا اور آریان کو مزید ایام جیل میں گزارنے پڑیں گے۔
خیال رہے کہ این سی بی نے2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل کے قریب ایک کروز شپ پر چھاپہ مار کر منشیات استعمال کرنے کے الزام میں آریان خان اور دیگر افراد کو حراست میں لیا تھا۔
آریان خان اور دیگر 18 افراد اس کیس میں 8 اکتوبر سے جیل میں ہیں۔ آریان خان 30 اکتوبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔