28 اکتوبر ، 2021
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے اب تک بات نہیں بنی، جمعے اور ہفتے کو پھر بات ہوگی۔
جیو نیوز کے پروگرام ‘آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھاکہ ملک کا آئین قرآن و سنت اور لاالہ الا اللہ کے تحت بنا ہے، کوئی مسلمان نہیں ہوسکتا اگر ختم نبوت ﷺ پر ایمان نہ ہو۔
کالعدم تحریک کے ساتھ مذاکرات میں ابھی تک بات نہیں بنی، وزیر داخلہ
کالعدم تنظیم کے سربراہ سے ملاقات کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ سعد رضوی سے دو تین ملاقاتیں ہوئی ہیں، جمعے اور ہفتے کو بھی سعد رضوی سے بات کروں گا۔
انہوں نے بتایا کہ کالعدم تحریک کے ساتھ مذاکرات میں ابھی تک بات نہیں بنی۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان اسلام کی دیوارِ چین ہے، پاکستان اسلام کی دفاعی لائن ہے، پاکستان ایٹمی طاقت ہے اس لیے اندر سے کمزور کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں، پاکستان دنیائے اسلام کی سب سے بڑی فوج ہے۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھاکہ جی ٹی روڈ پاکستان کی دفاعی لائن ہے، ساری کور اسی جی ٹی روڈ پر ہے۔
کالعدم تحریک کے مطالبات کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھاکہ جو بات آپ سے طے ہوئی ہے، آپ کے مطالبات ماننے کو تیار ہیں، ہم لڑائی جھگڑا نہیں چاہتے، آپ ہمارے بھائی ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ عمران خان پاکستان کو یرغمال نہیں بننے دیں گے، چار پولیس والے شہید ہوچکے ہیں، 70 سے 80 افراد کو گولیاں لگ چکی ہیں، آپ کا ہونے والا نقصان بھی قوم کا نقصان ہے، آپ کی طرح ہم بھی لبیک یا رسول اللہ اور ختم نبوت ﷺ کی بات کرتے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھاکہ فرانسیسی سفیر پاکستان چھوڑ کر جا چکا ہے، آپ اسلام آباد بیٹھ کر کیا کریں گے؟ آپ نے جو حالات پیدا کیے ہیں، ان سے آپ کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کل معاملات رینجرز کے ہاتھ میں دینا پڑے۔
ان کا کہنا تھاکہ فرانس یورپی یونین کی سربراہی کر رہا ہے، فرانس کا سفیر یہاں ہے نہیں ، اسمبلی میں ہم قرار داد پیش کرچکے ہیں، فرانس کا سفیرشاید گبھراکر پاکستان چھوڑ کر جاچکا ہے جبکہ پاکستان پر پابندیاں لگانے کی سازش کا مقابلہ ہم سب نے مل کر کرنا ہے۔
کالعدم تنظیم کے احتجاج کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ آپ نے وعدہ کیا کہ دونوں روڈ کھول دیں گے، آپ اس پر عمل کریں، چار دن سے روز کہ رہاہوں پاکستان ہے تو ہم ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ پولیس کے پاس لاٹھی اور آنسو گیس ہیں، آپ سیدھی گولی ماررہے ہیں، ایسے آگے بڑھتے رہے تو کسی نہ کسی جگہ آپ کو روکا جائے گا اور جب روکا جائے گا تو نتائج کی ذمے داری آپ پر ہوگی۔
شیخ رشید کا کہنا تھاکہ عمران خان نے جتنی لچک دکھانی تھی، دکھا چکے ہیں، ہم ان کی بہت ساری باتیں مان چکے ہیں لیکن وہ اپنے مرکز واپس جانے کی بات نہیں مان رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے گلے پر انگوٹھا رکھ کر اپنی بات نہیں منوائی جاسکتی، حکومت کو اپنی رِٹ قائم کرنا ہوتی ہے، وہ حکومت کیا ہوگی جس کی رِٹ نہیں ہوگی؟
وزیرداخلہ کا کہنا تھاکہ ساری دنیا میں ہماری رٹ کا مذاق اڑایا جارہا ہے، تمام باتیں ٹی وی پر نہیں کرسکتا، اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر اپنی بات دہرائی کہ مظاہرین مسجد رحمتہ اللعالمین ﷺ میں جائیں ان سے جو باتیں طے ہیں اس پر ہم قائم ہیں، تشدد سے کبھی کامیابی نہیں ہوتی۔
ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے اس جماعت کو کالعدم قرار دیا ہے لیکن ابھی پابندی نہیں لگائی۔
سینیٹر فیصل واوڈا کے کالعدم جماعت سے معاہدے کے بیان سے متعلق شیخ رشید کا کہنا تھاکہ فیصل واوڈا کو کہا ہے کہ آپ نے جو کیا ہے غلط کیا ہے، میں نے ایمرجنسی کا پیغام بھیجا اور وزیراعظم سے ملاقات کی اور ڈرافٹ پیش کیا۔
ان کا کہنا تھاکہ معاہدے پر دستخط وزیراعظم سے پوچھ کر کیے ہیں، میں نے جو دستخط کیے وزیراعظم کی مرضی سے کیے۔
ان کا کہنا تھاکہ امجد نیازی نے قرار داد اسمبلی میں پیش کی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ میں ڈرا دھمکا نہیں رہا لیکن ریاست رٹ قائم رکھنے کی بھرپور کوشش کرے گی، قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ عمران خان کی بھرپورکوشش ہے کہ یہ مسئلہ حل ہو اور عمران خان ریاست کی رٹ کو قائم کریں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم جو حکم دیں گے وزارت داخلہ ماننے کی پابند ہے، ہم نے بھرپور کوشش کرلی اور عمران خان اب ان کو کچھ دینے کو تیار نہیں، ان کو راستے میں روکنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔
خیال رہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے والے کارکن گوجرانوالا پہنچ گئے۔