پاکستان
Time 29 اکتوبر ، 2021

عبدالقدوس بزنجو بلا مقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب

بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما اور سابق اسپیکر  عبدالقدوس بزنجو کو وزیراعلیٰ  بلوچستان منتخب کر لیا گیا ہے۔

اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل کی سربراہی میں ہونے والے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں عبدالقدوس بزنجو بلامقابلہ وزیراعلیٰ منتخب ہوئے۔ میر عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے 18ویں وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے ہیں۔

سردار بابر موسیٰ خیل نے بتایا کہ عبدالقدوس بزنجو کو وزیراعلیٰ کے عہدے کے لئے 39 اراکین کے ووٹ ملے۔ 

وزیراعلیٰ کےانتخاب میں جمعیت علمائے اسلام، بی این پی مینگل اور پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی نے حصہ نہیں لیا۔

 آزاد رکن نواب اسلم خان رئیسانی نے بھی وزیراعلیٰ کے انتخاب کےعمل میں حصہ نہیں لیا جبکہ سابق وزیراعلیٰ جام کمال خان بھی نئے وزیراعلیٰ کےانتخاب کے وقت ایوان میں موجود نہیں تھے۔

یاد رہے کہ بلوچستان اسمبلی میں جے یو آئی کے 11، بی این پی کے 10اور پی کے میپ کا ایک رکن ہے۔

دوسری جانب ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کی حلف برداری کی سادہ مگر پروقار تقریب آج چار بجے گورنر ہاؤس میں منعقد ہو گی۔

گورنر ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق عبدالقدوس بزنجو وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے،گورنر بلوچستان سید ظہور آغا قدوس بزنجو سے وزارت اعلیٰ کا حلف لیں گے۔

حلف برداری کی تقریب میں اراکین اسمبلی، سیاسی جماعتوں کے رہنما اور سول و ملڑی حکام شرکت کریں گے۔

خیال رہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے رہنما جام کمال نے اپنی ہی جماعت کے باغی اراکین کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پر اسمبلی میں ہونے والی رائے شماری سے ایک روز قبل ہی وزارت اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد بی اے پی نے نئے وزیراعلیٰ کے لیے عبدالقدوس بزنجو کو نامزد کیا تھا۔

مزید خبریں :