Geo News
Geo News

Time 30 اکتوبر ، 2021
پاکستان

جان محمد جمالی بلا مقابلہ بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر منتخب

میر جان محمد جمالی علیل ہونےکی وجہ سے آج اپنے عہدے کا حلف نہ اٹھا سکے/ فائل فوٹو
میر جان محمد جمالی علیل ہونےکی وجہ سے آج اپنے عہدے کا حلف نہ اٹھا سکے/ فائل فوٹو

کوئٹہ: میر جان محمد جمالی بلا مقابلہ بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے تاہم علیل ہونےکی وجہ سے آج اپنے عہدے کا حلف نہ اٹھا سکے۔

اسپیکر بلوچستان اسمبلی کی خالی نشست کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی نے سینیئر رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی میر جان محمد جمالی کو نامزد کیا تھا جو بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔

قائم مقام اسپیکربابرموسیٰ خیل کی زیرصدارت بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ہوا، مقررہ وقت تک پانچ کاغذات نامزدگی جمع ہوئے ، جو تمام کے تمام میر جان محمد جمالی کے تھے اور ان کے مقابلے پر کسی اور رکن اسمبلی نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے، اس طرح میر جان محمد جمالی صوبائی اسمبلی کے نئے اسپیکر منتخب ہوگئے۔

نومنتخب اسپیکر میر جان محمد جمالی علیل ہونےکی وجہ سے اپنے عہدے کا حلف نہ اٹھا سکے۔

بلوچستان اسمبلی میں اسپیکر کے انتخاب کے ساتھ ہی صوبے میں پچھلے ڈیڑھ ماہ سے جاری سیاسی بحران کم ہوتا جارہا ہے۔

نومنتخب وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو اگلے چند روز میں نئی صوبائی کابینہ تشکیل دیں گے جس کے بعد صوبائی حکومت فعال ہوجائے گی۔

میر جان محمد جمالی کا شمار صوبے کے سینئر سیاستدانوں میں ہوتا ہے، وہ 1998 میں وزیراعلیٰ  بلوچستان کے منصب پر فائز رہے ہیں جب کہ 2006 میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے فرائض انجام دے چکے ہیں، میر جان محمد جمالی 2013 میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے عہدے پر رہ چکے ہیں۔

اسپیکر بلوچستان کی نشست عبدالقدوس بزنجو کے استعفے کے بعد خالی ہوئی، عبدالقدوس بزنجو نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ بلوچستان کے منصب کا حلف لیا۔