کھیل
Time 01 نومبر ، 2021

شامی کی حمایت اور پے در پے شکست، کوہلی کو بیٹی کے ریپ سے متعلق دھمکیاں ملنے لگیں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کی ٹیم مسلسل دو میچ ہار چکی ہے — فوٹو:فائل
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کی ٹیم مسلسل دو میچ ہار چکی ہے — فوٹو:فائل

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی 9 ماہ کی بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی دھمکیاں ملنے لگیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کی ٹیم مسلسل دو میچ ہار چکی ہے۔ پہلے میچ روایتی حریف پاکستان سے 10 وکٹوں جبکہ دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے ہاری ہے۔

ہندو انتہا پسندوں نے پاکستان کے خلاف شکست کا ذمہ دار بھارتی بولر محمد شامی کو قرار دیا تھا اور ساتھ ہی انہیں ‘غدار’ قرار دیا۔ بعد ازاں بھارتی کرکٹ بورڈ اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے محمد شامی کی حمایت میں ٹوئٹس کیں تھیں۔

دوسرے میچ میں شکست اور بھارتی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد ویرات کوہلی کی فیملی کو دھمکیاں ملنا شروع ہوگئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر ویرات کوہلی کی 9 ماہ کی بیٹی سے ریپ کی دھمکیاں دی گئی ہیں جبکہ کوہلی کے خلاف ٹرینڈ بھی بنایا گیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے بھی ویرات کوہلی کی بیٹی کو ریپ کی دھمکیوں پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان کے لیجنڈری کرکٹر و سابق کپتان انضمام الحق نے بھی کوہلی کو دھمکیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ 

خیال رہے کہ بھارتی ٹیم کی شکست پر انتہاپسند ہندو آپے سے باہر ہوجاتے ہیں اور ماضی میں بھی بھارتی کھلاڑیوں کے گھروں پر حملے کیے گئے تھے۔

گزشتہ سال بھی انڈین پریمیئر لیگ میں شکست پر مہندرا سنگھ دھونی کی ننھی بیٹی کو بھی ریپ کی دھمکی دی گئی ہے۔

مزید خبریں :