Time 10 اکتوبر ، 2020
دنیا

دھونی کی 5 سالہ بیٹی کو ریپ کی دھمکیاں کیوں ملنے لگیں؟

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) سے شکست کے بعد چنئی سپر کنگ (سی ایس کے) کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو 5 سالہ بیٹی کو ریپ کی دھمکیاں ملنے لگیں۔

بھارتی ٹیم کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی بین الاقوامی کرکٹ سے تو ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں تاہم اب بھی ملکی لیگ میں چنئی سپر کنگ کی نمائندگی کرتے ہیں اور ٹیم کے کپتان بھی ہیں۔

ان دنوں انڈین پریمیئر لیگ کے میچز متحدہ عرب امارات میں جاری ہیں اور 7 اکتوبر کو چنئی سپر کنگ کو شاہ رخ خان کی کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ہاتھوں 10 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

چنئی سپر کنگ رواں سیزن میں خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکی ہے اور 6 میں سے 4 میچز میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے جس کے بعد چنئی کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو  سوشل میڈیا پر دھمکیاں مل رہی ہیں کہ ان کی بیٹی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جائے گا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مہندرا سنگھ دھونی اور ان کی اہلیہ ساکشی کو 5 سالہ بیٹی زیوا دھونی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی ہے اور یہ دھمکی انسٹاگرام پر دی گئی ہے۔

دھونی کی 5 سالہ بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی دھمکیوں پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت میں خواتین اور کمسن بچیوں سے زیادتی کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے اور پے در پے واقعات کے بعد کئی ممالک نے خواتین کو بھارتی دارالحکومت میں اکیلے سفر سے منع کیا کررکھا ہے۔

مزید خبریں :